Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حج ہاوز میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ ، کاونٹرس کا معائنہ

حج ہاوز میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ ، کاونٹرس کا معائنہ

حج فارم کی اجرائی و خانہ پری و جانچ کے ساتھ مکمل رہنمائی ، سید عمر جلیل کا اظہار ستائش
حیدرآباد۔/19جنوری، ( سیاست نیوز) سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے حج سیزن 2016 کے درخواست گذاروں کیلئے حج ہاوز میں فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا اور تلنگانہ حج کمیٹی  کے اقدامات کی ستائش کی۔ سید عمر جلیل نے آج حج ہاوز پہنچ کر گراؤنڈ فلور پر واقع حج کمیٹی کے کاؤنٹرس کا معائنہ کیا اور عازمین حج سے سہولتوں کے بارے میں بات چیت کی۔ حج کمیٹی نے عازمین حج کی سہولت کیلئے 15خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے ہیں جن میں درخواست فارمس کی اجرائی اور وصولی کے علاوہ خانہ پُری اور جانچ کے کاؤنٹرس شامل ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے سکریٹری اقلیتی بہبود کو تمام کاؤنٹرس کا دورہ کراتے ہوئے عازمین حج کو فراہم کی گئی سہولتوں سے واقف کرایا۔ سید عمر جلیل نے عازمین حج سے گفتگو کی اور تیقن دیا کہ ضرورت پڑنے پر مزید کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے اور اسٹاف کی تعداد میں اضافہ کیا جائیگا۔ حج ہاوز میں آج درخواستوں کے ادخال کے تیسرے دن زبردست ہجوم دیکھا گیا جس کے باعث عمارت کا گراؤنڈ فلور تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ حج ہاوز کی دونوں جانب پارکنگ کیلئے جگہ تنگ ہوچکی تھی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً شخصی طور پر انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ اسی دوران آج 555 درخواستیں داخل کی گئی ہیں اور آن لائن 12 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 1,213 درخواستیں کاؤنٹرس پر داخل کی گئیں اور آن لائن داخل کردہ درخواستوں کی تعداد 56تک پہنچ چکی ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ درخواست فارم حاصل کرنے کیلئے حج ہاوز آنے کی زحمت کے بجائے آن لائن درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرلیں یا پھر ایک درخواست فارم کی زیراکس بھی قابل قبول ہوگی۔ جاریہ سال حج کوٹہ میں اضافہ کے امکانات کے پیش نظر درخواست گذاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

TOPPOPULARRECENT