Thursday , January 18 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2015 سیزن کے انتظامات اطمینان بخش

حج 2015 سیزن کے انتظامات اطمینان بخش

دونوں ریاستوں کے متعلقہ اعلی حکام کا دورہ حج ہاوز ، درخواست گذاروں سے رابطہ

دونوں ریاستوں کے متعلقہ اعلی حکام کا دورہ حج ہاوز ، درخواست گذاروں سے رابطہ
حیدرآباد/23جنوری ( سیاست نیوز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے سکریٹریز برائے اقلیتی بہبود نے آج حج ہاوز نامپلی پہنچ کر حج سیزن 2015 کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود جناب سید عمر جلیل، انچارج سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش جناب شیخ محمد اقبال نے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ جناب جلال الدین اکبر اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ حج درخواست فارمس کی اجرائی، اُن کی خانہ پُری اور درخواستوں کی وصولی کے کاؤنٹرس کا معائنہ کیا۔ ان عہدیداروں نے حج کمیٹی کے مروجہ طریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور درخواست گذاروں سے بات کی۔ تقریباً ایک گھنٹہ تک ان عہدیداروں نے مختلف کاؤنٹرس کا معائنہ کیا اور عازمین حج کی رہنمائی کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے وہاں موجود درخواست گذاروں کی بڑی تعداد سے اُن کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے انہیں حج سیزن 2015 کے شیڈول سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ 20فبروری تک درخواستیں قبول کی جائینگی جس کے بعد سنٹرل حج کمیٹی قرعہ اندازی اور حج کے اخراجات کے بارے میں تفصیلات جاری کریگی۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین کی سہولت کیلئے تقریباً 20کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں نہ صرف درخواستوں کی خانہ پُری میں رہنمائی کی جارہی ہے بلکہ بینک چالان فارم پُر کرنے میں مدد کی جارہی ہے۔ ان کاؤنٹرس سے روزانہ عازمین رجوع ہوکر مسائل کی یکسوئی کروارہے ہیں۔درخواست گذاروں نے حج کمیٹی کی جانب سے کئے گئے انتظامات کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ گزشتہ برسوں کے مقابلہ جاریہ سال حج کمیٹی عازمین حج کی بہتر خدمت کریگی۔ جناب سید عمر جلیل و جناب شیخ محمد اقبال نے درخواست گذاروں سے درمیانی افراد کے رول کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ حج بیت اللہ کو روانگی کے سلسلہ میں کسی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔ انہوں نے واضح کردیا کہ کوئی بھی شخص قرعہ اندازی کے بغیر نام کو عازمین کی فہرست میں شامل کرنے کا مجاز نہیں ہے۔ درخواستوں کی مکمل شفافیت کے ساتھ قرعہ اندازی عمل میں آئیگی اور کوٹہ میں اضافہ کی صورت میں ویٹنگ لسٹ کے سیریل سے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ دونوں ریاستوں کے عہدیداروں نے حج کیمپ کے انعقاد میں حج کمیٹی سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش کے عازمین حج کیلئے خدمات انجام دے گی جس کیلئے حکومت آندھرا سے یادداشت مفاہمت کی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے حج کمیٹی کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر انتظامات یقینی بنائیں اور کسی دشواری پر حکومت سے رجوع ہوں۔

TOPPOPULARRECENT