حج 2015 کے درخواست فارم کا عنقریب اجراء،پروفیسر ایس اے شکور کا بیان

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے بتایا ہے کہ حج 2015 کے لیے بہت جلد درخواست فارم جاری اور قبول کئے جائیں گے جو حضرات و خواتین اس سال حج کی سعادت حاصل کرلینے کے خواہش مند ہوں ان کو چاہئے کہ وہ فی الفور انٹرنیشنل پاسپورٹ کے لیے اپنی درخواست داخل کردیں ، کیوں کہ پاسپورٹ کے بغیر کسی کی درخواست قبول نہیں کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ جن امیدواروں کے پاس پاسپورٹ موجود ہوں وہ اس بات کی طمانیت حاصل کرلیں کہ ان کے پاسپورٹ کی میعاد مارچ 2016 تک کارکرد ہے ۔ جن کے پاسپورٹ مارچ 2016 سے قبل ختم ہونے والے ہیں ان کو چاہئے کہ وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروالیں ۔ اس کے علاوہ جن افراد کے پاسپورٹ پر ہاتھ سے اندراجات تحریر کئے گئے ہیں ان کو اطلاع دی جاتی ہے کہ اس سال سے ہاتھ سے تحریر کردہ پاسپورٹ قبول نہیں کئے جائیں گے ۔ اس لیے ایسے امیدواروں سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ بھی جلد سے جلد پاسپورٹ تبدیل کروالیں اور نئے پاسپورٹ کی نقل کے ساتھ درخواست داخل کریں ۔ اگر درخواستیں اوپر دی گئی تفصیلات کے مطابق نہ ہوں تو ان کی درخواست بھی قبول نہیں ہوسکے گی ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ نئے قواعد کے مطابق ہر درخواست گزار کا اپنا بینک اکاونٹ موجود ہونا لازمی ہے ۔ اس لیے تمام خواہش مند افراد اگر ان کا بینک اکاونٹ موجود نہ ہو تو وہ فورا اپنا بینک اکاونٹ کھلوالیں ، حج کی درخواست میں بینک کا آئی ایف ایس سی کوڈ نمبر بھی درخواست میں درج کرنا ہوگا ۔۔

TOPPOPULARRECENT