Monday , June 25 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2015 کے لیے تلنگانہ و اے پی حج کوٹہ کا عنقریب اعلان

حج 2015 کے لیے تلنگانہ و اے پی حج کوٹہ کا عنقریب اعلان

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حج کوٹہ کا بہت جلد اعلان کردیا جائے گا اور توقع ہے کہ کوٹہ گزشتہ سال کے مساوی رہے گا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 2001 ء مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے تجویز پیش کی تھی کہ 2011 ء مردم شماری میں مسلم آبادی کے لحاظ سے ریاس

حیدرآباد ۔ 11 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حج 2015 ء کیلئے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حج کوٹہ کا بہت جلد اعلان کردیا جائے گا اور توقع ہے کہ کوٹہ گزشتہ سال کے مساوی رہے گا۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 2001 ء مردم شماری کی بنیاد پر ریاستوں کو حج کوٹہ الاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ حج کمیٹی نے تجویز پیش کی تھی کہ 2011 ء مردم شماری میں مسلم آبادی کے لحاظ سے ریاستوں کا حج کوٹہ مقرر کیا جائے ۔ گزشتہ سال متحدہ آندھراپردیش کا حج کوٹہ 5580 تھا جبکہ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کے انتخاب کے بعد جملہ 6040 افراد سعادت حج کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ آندھراپردیش کی تقسیم اور تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد گزشتہ سال مقرر کردہ کوٹہ دونوں ریاستوں میں مسلم آبادی کے لحاظ سے تقسیم ہوگا۔

تلنگانہ میں 55 فیصد اور آندھراپردیش میں 45 فیصد حصہ داری کا امکان ہے۔ اس طرح تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ 3,500 تک آسکتا ہے جو کہ تلنگانہ کی درخواستوں کے اعتبار سے کافی کم ہے۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش میں جملہ 20,782 حج درخواستیں وصول ہوئی ہیں، جن میں تلنگانہ سے 16947 اور آندھراپردیش سے 3835 درخواستیں شامل ہیں۔ تلنگانہ میں محفوظ زمرہ جات کے تحت 1539 درخواستیں داخل کی گئیں جن کا انتخاب قرعہ اندازی کے بغیر ہوگا۔ اس طرح تلنگانہ کا تقریباً نصف کوٹہ محفوظ زمرہ کے تحت پر ہوجائے گا۔ قرعہ اندازی 18 مارچ کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی اور دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ قرعہ اندازی ہوگی۔ تلنگانہ میں سب سے زیادہ درخواستیں حیدرآباد سے داخل کی گئیں جن کی تعداد 11433 ہے جبکہ نظام آباد سے 1133، عادل آباد 369 ، کریم نگر 518 ، کھمم 199 ، محبوب نگر 963 ، میدک 581 ، نلگنڈہ 490 ، رنگا ریڈی 836 اور ورنگل سے 425 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔

اسی طرح آندھراپردیش میں کرنول سے سب سے زیادہ 839 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ دیگر اضلاع میں اننت پور 525 ، چتور 363 ، ایسٹ گوداوری 134 ، گنٹور 599 ، کڑپہ 516 ، کرشنا 426 ، نیلور 114 ، پرکاشم 107 ، سریکا کولم 5 ، وشاکھاپٹنم 112 ، وجئے نگرم 26 اور مغربی گوداوری سے 69 درخواستیں داخل کی گئیں۔ آندھراپردیش میں محفوظ زمرہ جات کے تحت 222 افراد کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آئے گا ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال فی عازم صرف 1500 ریال ادا کئے جائیں گے۔ قربانی اور مدینہ منورہ میں کھانے کے انتظامات کے سلسلہ میں 600 ریال حاصل کئے جائیں گے جو 2100 ریال سے منہا کرلئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قرعہ اندازی کے بعد منتخب عازمین کو پہلی قسط کے طور پر 81,000 روپئے ادا کرنے ہوں گے ۔ سنٹرل حج کمیٹی نے حج کے جملہ اخراجات کا ابھی تک تعین نہیں کیا ہے۔ اس کے علاوہ فلائیٹس کے شیڈول کو قطعیت دینا بھی باقی ہے۔

TOPPOPULARRECENT