Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 ء شیڈول

حج 2016 ء شیڈول

۔14 جنوری سے درخواستوں کی اجرائی
سوٹ کیس سربراہ نہ کرنے کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ /23 ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی حج کمیٹی نے حج سیزن 2016 ء کے شیڈول کا آج اعلان کردیا ہے ۔ جس کے مطابق عازمین حج کیلئے /14 جنوری 2016 ء سے درخواستوں کی اجرائی اور وصولی کا آغاز ہوگا ۔ /8 فبروری درخواستیں داخل کرنے کی آخری تاریخ رہے گی۔ /15 سے /23 مارچ تک مختلف ریاستوں کی قرعہ اندازی عمل میں آئے گی ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے آج چیف ایکزیکٹیو آفیسر سنٹرل حج کمیٹی جناب عطاء الرحمن سے حج سیزن 2016 ء کے سلسلے میں تفصیلی بات چیت کی ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے اس بار عازمین حج کو سوٹ کیس سربراہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ گزشتہ سال تجرباتی بنیادوں پر ایسا کیا گیا تھا لیکن کئی شکایات وصول ہوئیں ۔ چنانچہ اس بار عازمین حج کو کافی راحت ہوگی ۔ انہوں نے بتایا کہ 2015 ء میں مردم شماری 2001ء کے تحت مسلم آبادی کے تناسب سے کوٹہ مختص کیا گیا تھا۔ جبکہ 2016 ء میں 2011 ء مردم شماری کے تحت یہ کوٹہ الاٹ کیا جائے گا جس سے تلنگانہ اور آندھراپردیش میں عازمین کی تعداد میں کافی اضافہ کی توقع ہے ۔ ریاست آندھراپردیش کی تقسیم کے پیش نظر 2016 ء میں بھی تلنگانہ حج کمیٹی دونوں ریاستوں کے حج امور انجام دے گی ۔

یکم جنوری سے موسم حج کا آغاز ، حج کمیٹی آف انڈیا کا اعلان
سی ای او سنٹرل حج کمیٹی کا اعلامیہ ، 8 جنوری تک درخواستوں کا حصول
حیدرآباد 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2016 ء کے مکمل منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔ موسم حج کا آغاز یکم جنوری 2016 ء کو کردیا جائے گا اور 14 جنوری تا8  فروری ملک بھر کی تمام ریاستی حج کمیٹیوں میں حج فارمس کے ادخال کا عمل جاری رہے گا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی آف انڈیا جناب عطاء الرحمن نے آج جاری کردہ ایک صحافتی اعلامیہ میں یہ بات بتائی۔ انھوں نے بتایا کہ یکم جنوری کو حج کمیٹی کی جانب سے اعلان کے بعد 14 جنوری تا 8 جنوری درخواستیں وصول کی جائیں گی اور ماہ مارچ کے دوران  حکومت ہند کے وفود سعودی عرب کا دورہ کرتے ہوئے اجلاس منعقد کریں گے۔ جنوری تا مارچ 2016 ء کے دوران مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے قیام کیلئے عمارتوں کے انتخاب کی ٹیمیں روانہ کی جائیں گی۔ 15 تا 23 مارچ ملک بھر کی مختلف ریاستی حج کمیٹیوں میں  عازمین حج کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کی جائے گی جس کی راست نگرانی حج کمیٹی آف انڈیا کرے گا۔ منتخبہ عازمین حج کو ابتدائی فیس ادا کرنے کی مہلت 8 اپریل 2016 ء تک حاصل رہے گی جبکہ پاسپورٹ کے ادخال کے لئے 29 اپریل تک کی مہلت فراہم کی جائے گی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے 15 جون سے سعودی قونصل خانہ میں ویزوں کے لئے پاسپورٹ کے ادخال کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے الاٹ کی جانے والی نشستیں 15 جون تا 9 جولائی مختص کردی جائیں گی۔ منتخبہ عازمین کو 13 جولائی سے روانگی کی تفصیل روانہ کرنے کا عمل شروع ہوجائے گا۔ فی الحال جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اُس کے مطابق 4 اگسٹ 2016 ء کو عازمین حج کی پروازوں کا آغاز ہوگا اور یہ سلسلہ 5 ستمبر تک جاری رہے گا۔ حج 2016 ء کے اختتام کے ساتھ ہی حجاج کرام کی واپسی کا عمل 15 ستمبر کو شروع ہوگا۔ اب تک جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس سے وزارت خارجہ، وزارت شہری ہوا بازی، قونصل خانہ ہند متعینہ جدہ اور تمام ریاستوں کی حج کمیٹیوں کے ذمہ داران کو واقف کروادیا گیا ہے۔

 

 

TOPPOPULARRECENT