Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 کے انتظامات کا عملاً آغاز

حج 2016 کے انتظامات کا عملاً آغاز

حیدرآباد ۔ 25۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2016 ء کے انتظامات کا عملاً آغاز ہوچکا ہے اور حج کیمپ کے سلسلہ میں ٹنڈرس کو کل قطعیت دی جائے گی جبکہ 4 اگست کو 24 سرکاری محکمہ جات کے ساتھ اجلاس طلب کیا گیا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کیمپ کے سلسلہ میں تین علحدہ ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ سپلائنگ کمپنی، طعام کا انتظام اور کیمپ کے مینٹننس کیلئے ٹنڈرس کی 26 جولائی کو کشادگی عمل میں آئے گی۔ جاریہ سال تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حج کمیٹیاں مشترکہ طور پر کیمپ منعقد کریں گی جس کے اخراجات مساوی طور پر ادا کئے جائیں گے۔ آندھراپردیش کے عازمین کی حج ہاؤز سے روانگی کے باعث تلنگانہ حج کمیٹی سے یادداشت مفاہمت کی گئی۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق جاریہ سال دونوں ریاستوں کے 4635 عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ ان میں تلنگانہ کے 2567 اور آندھراپردیش کے 2068 عازمین شامل ہیں۔ حج کیمپ میں موثر انتظامات کے سلسلہ میں وقف بورڈ کو ہدایات جاری کی گئیں اور مینٹننس کے کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ عازمین حج کی روانگی کا انتظام عمارت کے سیلر سے کرنے کی تجویز کی۔ تاہم اس علاقہ میں گندگی اور جگہ کی تنگی کو دیکھتے ہوئے کھلے میدان میں روانگی کا انتظام کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ 4 اگست کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل بھی اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کے نمائندے اور آندھراپردیش کے اقلیتی بہبود عہدیداروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں حیدرآبادی رباط کیلئے 224 منتخب عازمین کی فہرست جاری ہوچکی ہے جبکہ دوسری عمارت کی تصریح کے حصول کے بعد 383 عازمین کی دوسری فہرست جاری کردی جائے گی۔ بکوتما علاقہ میں 428 افراد کے قیام کی گنجائش پر مشتمل عمارت حاصل کی گئی جن میں نظام خاندان کے افراد کو 10 فیصد کوٹہ کے اعتبار سے 43 نشستیں الاٹ کی گئی جبکہ اس عمارت کیلئے 2 خادم الحجاج ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اندرون ایک ہفتہ دوسری عمارت کے لئے حکومت سعودی عرب کا اجازت نامہ حاصل ہوجائے گا۔ گزشتہ سال کی طرح جاریہ سال بھی ایر انڈیا کی 15 پروازیں رہیں گی۔ حج ہاؤز کی عمارت کے علاوہ متصل زیر تعمیر عمارت میں قیام کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عازمین کے طعام کا انتظام ہر سال کی طرح گراؤنڈ فلور پر رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں تمام محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے عازمین کی روانگی منسوخ ہونے کے سبب سعودی حکومت حج کوٹہ کو مختلف ممالک میں تقسیم کرسکتی ہے۔ ایسی صورت میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے زائد کوٹہ کا حصول ممکن ہے۔ تلنگانہ حکومت بھی زائد نشستوں کیلئے مرکز سے نمائندگی کر رہی ہے اور ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی دورہ دہلی کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT