Thursday , November 23 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2016 کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کی تیاریوں کا آغاز

حج 2016 کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کی تیاریوں کا آغاز

آندھرا پردیش ریاست کے انتظامات تلنگانہ سے ہوں گے ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2016 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے۔ 2015 ء کی طرح 2016 ء میں بھی تلنگانہ کے ساتھ آندھراپردیش کے عازمین حج کے انتظامات تلنگانہ حج کمیٹی کرے گی ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج کمیٹی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حج شیڈول کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ حج درخواستوں کی اجرائی اور قبولیت کا آغاز 14 جنوری سے ہوگا اور 8 فروری تک درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی نمائندگی پر سنٹرل حج کمیٹی نے جاریہ سال تمام درخواست گزاروں کو میڈیکل ٹسٹ کے لزوم سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ درخواستوں کے ادخال کے موقع پر عازمین حج صرف اپنا بلڈ گروپ درج کریں گے اور میڈیکل سلیکشن کے بعد کیا جائے گا ۔ اس طرح غیر منتخب افراد میڈیکل کے اخراجات سے بچ جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ درخواست کے ساتھ عازمین حج کو انٹرنیشنل پاسپورٹ کی زیراکس کاپی پیش کرنا ہوگا۔ سنٹرل حج کمیٹی کے شرائط کے مطابق پاسپورٹ 8 فروری 2016 ء سے قبل کا جاری کردہ ہو اور 10 مارچ 2017 ء تک اس کی مدت ہونی چاہئے ۔ ہاتھ سے لکھے ہوئے پاسپورٹ ناقابل قبول ہوں گے جبکہ صرف کمپیوٹرائز پاسپورٹ قبول کئے جائیں گے ۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے عازمین کیلئے 13 جنوری 2016 ء تک 70 سال کی عمر کو پہنچنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ شیرخوار بچوں کیلئے 21 اکتوبر 2014 ء پیدائش کی حد مقرر کی گئی ہے، اس کے بعد پیدا ہونے والے بچے شیرخوار میں شمار نہیں کئے جائیں گے۔ عازمین حج کی قرعہ اندازی 15 تا 23 مارچ کے درمیان کسی بھی وقت ہوسکتی ہے۔ این آر آئی عازمین حج کو 15 جولائی 2016 ء تک اپنا اوریجنل پاسپورٹ جمع کرانا ہوگا جبکہ درخواست کے ساتھ وہ پاسپورٹ کی زیراکس داخل کرسکتے ہیں۔ عازمین حج درخواست کے ساتھ 300 روپئے کا چالان داخل کرے جو ایس بی آئی اور یونین بینک سے حاصل کردہ ہو۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 10,000 فارمس تلنگانہ حج کمیٹی کو روانہ کئے ہیں ، اس کے علاوہ مزید 10,000 فارمس کی تیاری کا آرڈر دیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ حج کمیٹیوں کا اجلاس کل 12 جنوری کو حیدرآباد میں منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تمام اضلاع کی کمیٹیاں شرکت کریں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب اقلیتی بہبود کے عہدیدار 14 جنوری کو حج درخواست فارمس جاری کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT