Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 : صرف حیدرآباد سے اب تک 3343 درخواستیں وصول

حج 2017 : صرف حیدرآباد سے اب تک 3343 درخواستیں وصول

حج کوٹہ میں اضافہ کے فیصلہ سے درخواست گذاروں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔/10جنوری، ( سیاست نیوز) حج 2017 کیلئے درخواست گذاروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ گذشتہ 5 دن میں 3343 درخواست گذاروں نے اپنے فارمس حج کمیٹی میں داخل کردیئے۔ یہ تعداد صرف حیدرآباد کے عازمین کی ہے جبکہ دیگر 30 اضلاع میں موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد کا بعد میں علم ہوگا۔ مرکز کی جانب سے تمام ریاستوں کے حج کوٹہ میں 20 فیصد اضافہ کے فیصلہ کے بعد درخواست گذاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا اور تلنگانہ حج کمیٹی کو حج ہاوز میں عازمین حج کی رہنمائی کیلئے کاؤنٹرس کی تعداد میں اضافہ کرنا پڑا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حیدرآباد سے تاحال 3343 درخواستیں داخل کی گئیں جن میں محفوظ زمرہ A کے تحت 103 اور محفوظ زمرہ B کے تحت 679 درخواستیں داخل ہوئی ہیں جبکہ فریش درخواستوں کی تعداد 2561 ہے۔ ایک ہی دن میں 829 درخواستیں داخل ہوئیں جو ریکارڈ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج کوٹہ میں مزید اضافہ کیلئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے مساعی جاری ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی عہدیداروں کے ساتھ دورہ دہلی کا منصوبہ رکھتے ہیں تاکہ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی سے نمائندگی کی جاسکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 20 فیصد حج کوٹہ میں اضافہ سے تلنگانہ کے مزید 1000 عازمین کو حج کی سعادت حاصل ہوسکتی ہے۔ گذشتہ سال تلنگانہ کا حج کوٹہ 2800 تھا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حج کوٹہ میں اضافہ کے سلسلہ میں مختار عباس نقوی سے بات چیت کی ہے۔ اسی دوران تلنگانہ کے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کیلئے حیدرآبادی رباط میں قیام کی سہولتوں کے سلسلہ میں ناظر رباط حسین محمد الشریف سے ربط قائم کیا جارہا ہے۔ جاریہ سال تقریباً 1000 عازمین کو رباط میں قیام کی سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حج ہاوز میں عازمین کی رہنمائی کیلئے20سے زائد کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں جس پر حج کمیٹی کے ملازمین اور بعض رضاکارانہ تنظیموں کے والینٹرس تعینات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT