Wednesday , November 22 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کوٹہ میں اضافہ پر درخواستوں میں غیر معمولی اضافہ

حج 2017 کوٹہ میں اضافہ پر درخواستوں میں غیر معمولی اضافہ

حج ہاوز میں درخواست گذاروں کی طویل قطاریں ، پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2017 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کے کوٹہ میں اضافہ کی اطلاعات کے ساتھ ہی حج کمیٹی کے درخواست گزاروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوچکا ہے ۔ سنٹرل حج کمیٹی کے مجموعی کوٹہ میں 20 فیصد اضافہ کے بعد ہر ریاست کے کوٹہ میں 20 فیصد کا اضافہ ہوگا۔ اس اطلاع کے عام ہوتے ہی تلنگانہ حج کمیٹی میں جاریہ سال درخواست گزاروں کی تعداد میں اضافہ ہوچکا ہے۔ حج ہاؤز میں آج درخواستوں کے حصول اور داخل کرنے والوں کی طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ گزشتہ سال تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ 2800 تھا اور محفوظ زمرہ جات کے الاٹمنٹ کے بعد قرعہ اندازی کیلئے کم نشستیں باقی رہ گئی تھیں۔ توقع کی جارہی تھی کہ جاریہ سال حج کوٹہ میں تقریباً ایک ہزار نشستوں کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ کوٹہ میں اضافہ سے عازمین حج کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگا ۔ یہی وجہ ہے کہ درخواست گزاروں کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ اسی دوران اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ گزشتہ 5 دن میں 2514 درخواستیں داخل کی گئیں ہیں جو حیدرآباد اور رنگا ریڈی سے تعلق رکھنے والے عازمین کی ہے۔ 70 سال سے زائد عمر کے زمرہ میں 75 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے کے زمرہ میں 557 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ ان دونوں زمرہ جات کے عازمین کا قرعہ اندازہ کے بغیر انتخاب کیا جاتا ہے ۔ فریش زمرہ میں 1882 درخواستیں داخل کی گئیں ۔ 2 جنوری سے درخواستوں کی اجرائی کا آغاز ہوا تھا ۔ اضلاع میں بھی درخواستوں کی اجرائی اور ادخال کا سلسلہ جاری ہے اور متعلقہ حج سوسائٹیز ایک ہفتہ بعد حج کمیٹی کو موصولہ درخواستیں روانہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 20 فیصد حج کوٹہ میں اضافہ کے سبب تقریباً 750 نشستوں کا تلنگانہ میں اضافہ ممکن ہے۔ اس کے علاوہ دیگر ر یاستوں کے بچ جانے والے کوٹہ کے الاٹمنٹ سے یہ تعداد 1000 تک پہنچ سکتی ہے۔ درخواستوں کے اضافہ کو دیکھتے ہوئے حج ہاؤز میں مزید دو کاؤنٹرس کا اضافہ کیا گیا تاکہ درخواستیں قبول کی جاسکیں۔ عازمین حج کیلئے زیراکس کی سہولت مفت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ریاستی سطح پر قرعہ اندازی کی تجویز سنٹرل حج کمیٹی کو پیش کی جارہی ہے تاکہ حیدرآباد کے عازمین کے ساتھ انصاف ہوسکے۔ سابق میں ضلعی سطح پر قرعہ اندازی کی جاتی رہی جس سے حیدرآباد کے لئے بہت کم نشستیں دستیاب رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکریٹری اقلیتی بہبود کے ذریعہ حج کمیٹی کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ سنٹرل حج کمیٹی اس تجویز کو قبول کرلے گی اور قرعہ اندازہ ریاستی سطح پر کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT