Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کیلئے آج قرعہ اندازی مقرر

حج 2017 کیلئے آج قرعہ اندازی مقرر

تلنگانہ حج کمیٹی کی نمائندگی پر الیکٹورول آفیسر کی مشروط اجازت
حیدرآباد۔17 مارچ (سیاست نیوز) حج 2017کے لیے تلنگانہ کے 330 عازمین حج کے انتخاب کے لیے قرعہ اندازی کل ہفتہ 18 مارچ کو 11 بجے دن حج ہائوز نامپلی میں مقرر ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے قرعہ اندازی کی اجازت دیئے جانے کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی نے یہ فیصلہ کیا۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے کل قرعہ اندازی ملتوی کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے بعد حج کمیٹی نے التوا کا اعلان کردیا۔ تاہم سنٹرل حج کمیٹی نے دیگر ریاستوں میں قرعہ اندازی کی مثال پیش کرتے ہوئے مکتوب روانہ کیا۔ دہلی اور بعض دیگر ریاستوں میں انتخابی ضابطہ اخلاق کے باوجود حج کے لیے قرعہ اندازی کی گئی۔ اس مکتوب کی بنیاد پر تلنگانہ حج کمیٹی دوبارہ الیکشن کمیشن سے رجوع ہوئی جس پر چیف الیکٹورل آفیسر نے مشروط طور پر اجازت دے دی ہے۔ انہوں نے قرعہ اندازی میں سیاسی قائدین کو مدعو کرنے اور عوام کو جمع کرنے سے منع کردیا ہے۔ لہٰذا تلنگانہ حج کمیٹی عہدیداروں کی موجودگی میں قرعہ اندازی کا عمل مکمل کرے گی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ کے لیے الاٹ کردہ 3367 کوٹے میں 3030 نشستیں 2 محفوظ زمرہ جات کے تحت قرعہ اندازی کے بغیر منتخب کرلی گئی ہیں۔ لہٰذا عام زمرے کی 330 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے ضلع واری سطح پر حج کوٹہ الاٹ کردیا ہے۔ ہر ضلع میں مسلم آبادی کے اعتبار سے یہ کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے۔ حیدرآباد کے لیے 127، رنگاریڈی 21، سنگاریڈی 18، عادل آباد 7 ، کوتہ گوڑم 5 ، جگتیال 6، جنگائوں 1، بھوپال پلی 2، گدوال 4 ، کاما ریڈی 7 ، کریم نگر 6، آصف آباد 3 ، محبوب نگر 12، محبوب آباد 2 ، منچریال 3 ، میدک 4، میڑچل 17، ناگرکرنول 4، نلگنڈہ 7، نرمل 7 ، نظام آباد 21 ، پیدا پلی 3، سرسلہ 2 ، سدی پیٹ 4 ، سوریا پیٹ 4، وقار آباد 10، ونپرتی 3، ورنگل رورل 6 ، ورنگل اربن 5 اور بھونگیر کے لیے 2 نشستیں الاٹ کی گئیں۔

TOPPOPULARRECENT