Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کیلئے مختلف زمروں میں سرکاری ملازمین سے درخواستیں مطلوب

حج 2017 کیلئے مختلف زمروں میں سرکاری ملازمین سے درخواستیں مطلوب

سرکاری ملازمین کیلئے ادخال درخواست کی آج آخری تاریخ: پروفیسر ایس اے شکور

حیدرآباد 19 فروری (پریس نوٹ) وزارت اقلیتی اُمور حکومت ہند نے حج 2017 کے لئے مسلم مستقل سرکاری ملازمین سے ڈیپوٹیشن پر قونصل جنرل جدہ میں تعیناتی کیلئے درخواستیں طلب کی ہیں، جنھیں حج کے دوران عازمین حج کی خدمت و رہبری انجام دینی ہوگی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے یہ اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت ہند ہر سال سرکاری ملازمین پر مشتمل دو دستے روانہ کرتی ہے۔ ایک دستہ انتظامی دستہ کہلاتا ہے جبکہ دوسرا میڈیکل دستہ ہوتا ہے۔ پہلے انتظامی دستہ میں تین زمروں میں ملازمین کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ پہلا زمرہ کوآرڈی نیٹر کا دوسرا زمرہ اسسٹنٹ حج آفیسرس اور تیسرا زمرہ حج اسسٹنٹ کا ہوتا ہے۔ اسی طرح میڈیکل دستہ میں ایلوپیتھک ڈاکٹرس اور ایلوپیتھک پیرا میڈیکل اسٹاف کا ہوتا ہے۔ انھوں نے مزید بتایا کہ تعیناتی کی مدت دو تا تین ماہ ہوگی۔ مختلف عہدوں کے لئے درکار اہلیت، شرائط و قواعد اور درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات وزارت کی ویب سائیٹ www.minorityaffairs.gov.in پر حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس کے علاوہ اس تعلق سے جو سرکلر جاری کیا گیا ہے وہ حج ڈیویژن کی ویب سائٹ www.haj.gov.in اور حج کمیٹی کی ویب سائٹ www.hajcommittee.gov.in پر بھی دستیاب ہے۔ درخواست آن لائن داخل کرنے کی آخری تاریخ 20 فروری ہے جبکہ آن لائن داخل کردہ درخواست فارم تمام درکار دستاویزات کے ساتھ متعلقہ محکمہ کے توسط سے 14 مارچ تک انڈر سکریٹری (حج) ، وزارت اقلیتی اُمور تھرڈ فلور، انڈین سوسائٹی آف انٹرنیشنل لا، وی کے کرشنا مینن بھون، 9 بھگوان داس روڈ نئی دہلی 110001 پر پہنچ جانی چاہئے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے ریاست میں برسر خدمت مستقل ملازمین سے خواہش کی ہے کہ وہ ان عہدوں کے لئے اپنی درخواستیں داخل کریں اور پراپر چیانل یا متعلقہ محکمہ کے توسط سے درخواست کی ہارڈ کاپی وزارت کو روانہ کریں۔ انھوں نے بتایا کہ ان عہدوں کے لئے سرکاری، ریاستی، مرکزی ، عوامی شعبہ کے اداروں اور خود مختار اداروں کے مستقل ملازمین درخواست دینے کے اہل ہیں۔ حج 2015 اور حج 2016 کے دوران جن سرکاری ملازمین نے تعیناتی پر خدمات انجام دی ہیں یا جو تین یا اس سے زیادہ مرتبہ خدمات انجام دے چکے ہیں وہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ البتہ یہ شرط ڈاکٹروں اور خاتون فارماسسٹ پر لاگو نہیں ہوگی۔ اسی طرح عارضی، پارٹ ٹائم یا کنٹراکٹ ملازمین بھی تعیناتی دینے کے اہل نہیں ہیں۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT