Tuesday , November 21 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کے خواہش مندوں کو پاسپورٹ تیار رکھنے کا مشورہ

حج 2017 کے خواہش مندوں کو پاسپورٹ تیار رکھنے کا مشورہ

پاسپورٹ مارچ 2018تک کارکرد اور مشین پر پڑھا جانے والا ہو: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد 21 نومبر ( پریس نوٹ) حج سیزن 2017کا بہت جلد آغازہونے والا ہے اور اس کے لئے ماہ دسمبر کے آخری ہفتہ سے درخواست فارم جاری ہونے کی توقع ہے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکورنے بتایا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کے حالیہ اجلاس منعقدہ ممبئی میں حج سیزن 2017کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور بتایا گیا کہ حج کے درخواست فارم جو صرف ایک صفحہ پر مشتمل ہوں گے ماہ دسمبر کے آخری ہفتہ تک جاری کئے جانے کا امکان ہے۔اس تعلق سے قطعی تاریخ کا عنقریب اعلان کیا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ جو حضرات حج کا عزم رکھتے ہوں ان کو چاہئے کہ وہ اپنے پاسپورٹ تیار رکھیں۔ اگر ان کے پاس پہلے سے ہی پاسپورٹ موجود ہوں تو وہ اس بات کی طمانیت حاصل کرلیں کہ ان کے پاسپورٹ مشین پر پڑھے جانے کے قابل ہیں اور یہ کہ وہ 31 مارچ 2018تک کارکرد ہیں۔ اگر پاسپورٹ میں یہ دونوں باتیں نہ ہوں تو وہ اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروالیں‘ اور جن اصحاب نے پاسپورٹ تیار نہیں کروایا ہے تو بھی نیا انٹر نیشنل پاسپورٹ بنوانے کے لئے جلد سے جلد درخواست دے دیں تاکہ حج درخواست فارم کی اجرائی تک ان کے پاسپورٹ تیار ہوسکیں۔ اس کے علاوہ جن کے پاسپورٹ کی مدت ختم ہوچکی ہے تو وہ بھی جلد سے جلد اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروالیں۔ انہوںنے کہا کہ یہ عزم حج کرنے والوں کے لئے انتہائی اہم کام ہے اور وہ اس سے غفلت نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاسپورٹ ڈیجیٹل پرنٹ کئے ہوئے ہوں یعنی وہ مشین پر پڑھے جانے کے قابل ہوں اس میں تفصیلات ہاتھ سے لکھی ہوئی نہ ہوں۔ درخواستیں آن لائن داخل کرنے کی سہولت بھی فراہم رہے گی اور ان کو فارم حاصل کرنے اور داخل کرنے کے لئے حج ہاؤز یا ڈسٹرکٹ حج سوسائیٹیوں کے دفتر تک آنے کی زحمت نہیں ہوگی۔اس لئے درخواست داخل کرنے کے خواہش مند حضرات آن لائن طریقہ کار سے استفادہ کریں تو یہ بات ان کے لئے سکون و اطمینان کا باعث ہوگی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے مزید کہا کہ حج 2016کے دوران گرین زمرہ میں فی کس 2,20,550روپئے اور عزیزیہ زمرہ میں فی کس 1,86,650روپئے کے مصارف عائد ہوئے تھے اور امکان ہے کہ اس سال حج کے لئے اس رقم میں نسبتاًتھوڑا سا اضافہ ہوسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT