Thursday , December 14 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کے لیے جنوری میں فارمس کی اجرائی

حج 2017 کے لیے جنوری میں فارمس کی اجرائی

سنٹرل حج کمیٹی کا ایکشن پلان ، درخواست گذاروں کو پاسپورٹ تیار رکھنے کا مشورہ
حیدرآباد۔/9ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سنٹرل حج کمیٹی نے 2 جنوری سے حج 2017 کے درخواست فارم جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حج سیزن 2017 کے شیڈول کے مطابق 2 تا 24 جنوری درخواست فارم جاری کئے جائیں گے۔ سنٹرل حج کمیٹی نے 2017 کا ایکشن پلان جاری کردیا جس کے مطابق یکم تا 8 مارچ کے درمیان عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کی جائے گی۔ 13 اگسٹ کو یوم عرفہ کی امکانی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج درخواست فارم اس مرتبہ صرف ایک صفحہ پر مشتمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو چاہیئے کہ وہ درخواست کے ساتھ اپنے پاسپورٹ تیار رکھیں۔ اگر پاسپورٹ موجود ہو تو اس بات کی طمانیت حاصل کرلیں کہ وہ مشین پر پڑھنے کے قابل ہو اور 31 مارچ 2018 تک کارکرد رہے بصورت دیگر انہیں پاسپورٹ کی تجدید کروانی ہوگی۔ جن کے پاس پاسپورٹ نہیں وہ نئے انٹرنیشنل پاسپورٹ کیلئے درخواست داخل کریں تاکہ درخواست فارم کی اجرائی تک پاسپورٹ حاصل ہوجائے۔ ایسے پاسپورٹ جن پر ہاتھ سے لکھی ہوئی تحریر ہو وہ قبول نہیں کئے جائیں گے۔ درخواستیں آن لائن داخل کرنے کی سہولت حاصل رہے گی اور عازمین حج ، حج ہاوز یا ضلع حج سوسائٹیوں کے دفتر جانے کی زحمت سے بچ سکتے ہیں۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال میں زیادہ سہولت رہے گی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ابھی تک درخواست کے ادخال کے ساتھ ادا کی جانے والی رقم کا تعین نہیں کیا ہے جس کی اطلاع بعد میں دی جائے گی۔ 2016 میں گرین زمرہ کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار 550 روپئے اور عزیزیہ زمرہ کیلئے ایک لاکھ 86 ہزار 650 روپئے کے مصارف عائد ہوئے تھے۔ امکان ہے کہ آئندہ سال رقم میں معمولی اضافہ ہوگا۔ ہر سال کی طرح عزیزیہ زمرہ سے تعلق رکھنے والے عازمین میں سے رباط کے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT