Monday , December 11 2017
Home / شہر کی خبریں / حج 2017 کے لیے خادم الحجاج کا آج انتخاب

حج 2017 کے لیے خادم الحجاج کا آج انتخاب

دفتر حج کمیٹی میں قرعہ اندازی مقرر ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔ 12 جون (سیاست نیوز) حج 2017ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کے خادم الحجاج کا انتخاب بروز منگل 13 جون کو عمل میں آئے گا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کمیٹی کے دفتر میں 3 بجے سہ پہر قرعہ اندازی کے ذریعہ خادم الحجاج کا انتخاب کیا جائے گا۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل 212 درخواست گزاروں میں سے 14 خادم الحجاج کا انتخاب کریں گے۔ تلنگانہ سے ہر 200 عازمین کے لیے ایک خادم الحجاج مقرر کیا جائے گا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ 14 خادم الحجاج منتخب ہوں گے جبکہ حج کمیٹی اور وقف بورڈ سے تین ملازمین کا انتخاب ہوگا۔ اس طرح جملہ 17 خادم الحجاج روانہ کیئے جائیں گے۔ 4 خادم الحجاج کا نام ویٹنگ لسٹ میں رکھا جائے گا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ جاریہ سال خادم الحجاج کے سلسلہ میں قواعد میں نرمی کے باعث زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ خادم الحجاج کے لیے حج کی ادائیگی کی شرط کے ساتھ جاریہ سال عمرہ کو شامل کردیا گیا۔ صرف عمرہ ادا کرنے والے سرکاری ملازمین کی درخواستوں کو بھی خادم الحجاج کی خدمات کے لیے قبول کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جو بھی خادم الحجاج فرائض میں غفلت سے کام لیں گے ان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے علاوہ مصارف کی رقم واپس حاصل کی جائے گی۔ اسی دوران سنٹرل حج کمیٹی نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حج کمیٹی عہدیداروں کو ممبئی طلب کیا ہے۔ چہارشنبہ کو ممبئی میں دونوں ریاستوں کی حج کمیٹی کے عہدیداروں کا ایرلائنس کمپنیوں کے ساتھ اجلاس مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں ریاستوں کے عازمین جاریہ سال حیدرآباد سے روانہ ہوں گے جبکہ توقع ہے کہ آئندہ سال آندھراپردیش کے عازمین کے لیے وجئے واڑہ سے پرواز کی سہولت رہے گی۔ ممبئی کے اجلاس میں دونوں ریاستوں کے لیے الاٹ کردہ ایر لائنس اور فلائٹ شیڈیول پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں شرکت کیلئے پروفیسر ایس اے شکور منگل کی شام ممبئی روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ و آندھرا عازمین حج کیلئے جاریہ سال سعودی ایرلائنس الاٹ کیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT