Thursday , September 20 2018
Home / Top Stories / حج 2018ء کیلئے 3,558 خوش نصیب عازمین کا انتخاب

حج 2018ء کیلئے 3,558 خوش نصیب عازمین کا انتخاب

قرعہ اندازی کاڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے افتتاح کیا، 500 عازمین کی ویٹنگ لسٹ بھی جاری

حیدرآباد۔ 11 جنوری (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ سے 3558 خوش نصیب عازمین حج کا آج قرعہ اندازی کے ذریعہ انتخاب عمل میں آیا۔ حج ہائوز میں اس سلسلہ میں تقریب منعقد ہوئی اور سنٹرل حج کمیٹی کے اشتراک سے آن لائین قرعہ اندازی کے لیے تلنگانہ کے 16622 درخواست گزاروں میں سے حج کوٹے کے مطابق عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے رسمی طور پر قرعہ اندازی کا افتتاح کیا۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو 17130 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں فریش زمرے کے تحت 16622 درخواستیں شامل ہیں۔ 70 سال یا اس سے زائد عمر کے 508 عازمین کا محفوظ زمرے کے تحت انتخاب عمل میں آیا۔ 2 سال سے کم عمر کے 17 شیرخوار بھی عازمین میں شامل ہیں۔ مرکزی حکومتن نے تلنگانہ کو 4066 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا اور محفوظ زمرے کے عازمین کے انتخاب کے بعد 3558 نشستوں کے لیے قرعہ اندازی کی گئی۔ حیدرآباد سے 10606 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جن میں سے 1390 کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی ہر ضلع میں مسلم آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ الاٹ کیا تھا۔ حیدرآباد کے لیے 1390 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا اور 602 کورس کے تحت منتخب عازمین کا احاطہ ہوا ہے۔ سب سے کم درخواستیں بھوپال پلی ضلع سے موصول ہوئیں۔

6 درخواستوں کے لیے 6 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا۔ اضلاع کو الاٹ کیے گئے کوٹہ کی تفصیل اس طرح ہے۔ عادل آباد 72 ، کوتہ گوڑم 51، جگتیال 62، جنگائوں 14، گدوال 42، کاما ریڈی 79، کریم نگر 63، کھمم 74، آصف آباد 35، محبوب نگر 128، محبوب آباد 12، منچریال 57، میدک 41، میڑچل 183، ناگرکرنول 43، نلگنڈہ 80، نرمل 80، نظام آباد 237، پیدا پلی 39، سرسلہ 7، رنگاریڈی 232ء سنگاریڈی 201، سدی پیٹ 47، سوریا پیٹ 51، وقار آباد 107، ونپرتی 37، ورنگل رورل 32، ورنگل عربن 54 اور یادادری ( بھونگیر) 22۔ قرعہ اندازی کے بعد حج کمیٹی نے 500 عازمین کی ویٹنگ لسٹ بھی جاری کردی ہے۔ امکان ہے کہ مرکز سے اضافی کوٹہ موصول ہونے اور بعض درخواست گزاروں کے سفر حج منسوح کرنے سے ویٹنگ لسٹ کے عازمین کو حج کی سعادت نصیب ہوگی۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین حج اپنے پاسپورٹ، سفر حج کے اخراجات کے اڈوانس کی پے سلپ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ 31 جنوری تک حج کمیٹی میں داخل کردیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی عازمین حج کی پروازوں کا 11 جولائی کو آغاز ہوگا اور 13 اگست تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اس مدت کے دوران دوسرے مرحلہ میں تلنگانہ کے عازمین کی روانگی کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ سعودی عرب حکومت کے مطابق 20 اگست کو یوم عرفہ ہوسکتا ہے۔ تقریب میں حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، صدرنشین وقف بورڈ ایم اے سلیم، ارکان مقننہ فاروق حسین، جعفر حسین معراج، صدرنشین اقلیتی کمیشن محمد قمر الدین، کارپوریٹر ممتا گپتا اور دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT