Saturday , July 21 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2018ء کے لیے بہتر انتظامات، تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس

حج 2018ء کے لیے بہتر انتظامات، تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس

رمضان میں تربیتی کیمپس، مسیح اللہ خان، محمد سلیم اور پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔10 مئی (سیاست نیوز) حج 2018ء انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کا اجلاس آج منعقدہ ہوا۔ صدرنشین مسیح اللہ خان کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران حج تربیتی کیمپس، رمضان کے بعد ٹیکہ اندازی کیمپس اور حج ہائوز کے کیمپ کے انتظامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر اور اضلاع میں عازمین حج کے لیے تربیتی کیمپس منعقد کیے جائیں۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک کے فوری بعد عازمین کے لیے ٹیکہ اندازی کیمپس کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس مرتبہ تلنگانہ حج کمیٹی اضلاع کے ارکان کے تعاون سے ٹیکہ اندازی کیمپس منعقد کرے گی۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کے انتظامات کو ہر سال بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔ گزشتہ چار برسوں سے تلنگانہ عازمین حج کے انتظامات میں ملک میں سرفہرست ہے۔ جاریہ سال گزشتہ سے بہتر انتظامات کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسم بارش کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کیے جائیں گے۔ صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے عازمین حج کی خدمت کے سلسلہ میں عہدیداروں اور قائدین کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکومت کی جانب سے درکار بجٹ جاری کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ بارش کے پیش نظر حج کیمپ میں احتیاطی قدم اٹھائے جائیں اس کے علاوہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمینل میں کنویئر بیلٹ کی سہولت فراہم کرنے نمائندگی کی جائے۔ جی ایم آر عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے حج ٹرمینل کی ضرورتوں سے واقف کیا جائے گا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ حالیہ دورہ دہلی کے موقع پر انہوں نے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی سے تلنگانہ کے لیے حج کوٹہ میں اضافہ اور دیگر امور پر نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت آئندہ سال سے بحری راستے کے ذریعہ سفر حج کو یقینی بنانے کی مساعی کررہی ہے۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان اور ایگزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج 2018ء کے ایکشن پلان کو قطعیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی کی تشکیل کے بعد یہ دوسرا اجلاس تھا۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق جاریہ سال تلنگانہ کے لیے 4068 عازمین کا کوٹہ الاٹ ہوا ہے۔ ویٹنگ لسٹ سے 524، محرم 62، خادم الحجاج 20 اور مرکزی کوٹہ سے 4 عازمین کو منتخب کیا گیا۔ اس طرح جملہ 4674 عازمین تلنگانہ سے روانہ ہوں گے۔ عازمین حج کے لیے دوسری قسط جمع کرنے کی آخری تاریخ 23 مئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 3000 حج گائڈس کی اشاعت عمل میں آئے گی اور ہر کور نمبر کو ایک گائڈ دی جائے گی۔ حج کمیٹی کے ارکان نے بعض تجاویز پیش کیں جسے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں محمد سلیم ایم ایل سی صدر نشین ریاستی وقف بورڈ ‘ خواجہ سراج الدین‘ محمد عبدالشفیع‘ عارف احمد‘ ڈاکٹر عقیل ہاشمی‘ ابو طلحہٰ امجد‘ عبدالقادر اور محمد عارف الدین نے شرکت کی۔ پروفیسر ایس اے شکور ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی نے ارکان کا خیر مقدم کیا اور رپورٹ پیش کی۔

TOPPOPULARRECENT