Wednesday , December 12 2018

حج 2018 ء کے درخواست گزاروں کیلئے رعایت کا امکان

عمرہ ادا کرنے والوں کو 2000 ریال کی ادائیگی سے استثنیٰ کی تجویز: پروفیسر ایس اے شکور
حیدرآباد ۔ 13 ۔جون (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے ایسے درخواست گزار جنہوں نے سابق میں عمرہ ادا کیا ہو، ان کے لئے حکومت سعودی عرب کی جانب سے رعایت کا اعلان متوقع ہے۔ نئے قواعد کے خلاف حکومت سعودی عرب نے حج یا عمرہ کرنے والے درخواست گزاروں کیلئے 2000 ریال کی زائد ادائیگی کی شرط رکھی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق حکومت سعودی عرب عمرہ کرنے والے درخواست گزاروں کو اس شرط سے مستثنیٰ قرار دینے پر غور کر رہی ہے۔ صرف ایسے درخواست گزار جنہوں نے سابق میں حج ادا کیا ہے ، انہیں 2000 ریال زائد طور پر ادا کرنے ہوں گے ۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حکومت سعودی عرب اس سلسلہ میں اندرون ایک ہفتہ اپنے فیصلہ کا اعلان کردے گی ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام سے انہیں اطلاع دی گئی کہ حکومت 2000 ریال زائد ادائیگی کے سلسلہ میں اپنے سابقہ احکامات پر نظر ثانی کر رہی ہے تاکہ عمرہ ادا کرنے والوں کو رعایت دی جاسکے۔ سعودی حکومت کی پہلے جاری کردہ شرط کے مطابق زندگی میں ایک بار عمرہ یا حج ادا کرنے والے درخواست گزاروں کو مزید 2000 ریال ادا کرنے ہوں گے ۔ توقع ہے کہ حکومت سعودی عرب عمرہ کی ادائیگی کو اس شرط سے مستثنیٰ قرار دے گی ۔ اسی دوران حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی روانگی کا یکم اگست کو آغاز ہوگا۔ 16 اگست تک 26 خصوصی فلائیٹس کے ذریعہ تلنگانہ ، آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی ۔ سعودی ایرلائینس کی ہر فلائیٹ میں 300 عازمین کی گنجائش رہے گی ۔ تمام عازمین جدہ کیلئے پرواز کریں گے ۔ پروفیسر اے شکور نے بتایا کہ حجاج کرام کی واپسی 12 تا 25 ستمبر مدینہ منورہ سے عمل میں آئے گی ۔ 13 دن میں واپسی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال عازمین کیلئے 41 تا 43 دن کا پیکیج رہے گا جبکہ گزشتہ سال 38 تا 39 دن کا پیکیج تھا ۔ تین ریاستوں کے تقریباً 8 ہزار عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 4,500 عازمین کی روانگی کا امکان ہے۔ ویٹنگ لسٹ کے تحت ابھی تک 679 عازمین کی منظوری حاصل ہوئی ہے جبکہ گزشتہ سال ویٹنگ لسٹ میں صرف 225 کی منظوری حاصل ہوئی تھی ۔ ویٹنگ لسٹ کے عازمین کیلئے منیٰ کے حدود کے باہر خیمے رہیں گے۔ اس سلسلہ میں ویٹنگ لسٹ کے عازمین سے حلفنامہ حاصل کیا جارہا ہے ۔ ایسے عازمین کو 15 جون تک مکمل رقم اور اوریجنل پاسپورٹ حج کمیٹی میں جمع کرنا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور کے مطابق عیدالفطر کے بعد ٹیکہ اندازی کیمپس کا آغاز ہوگا۔ حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے عازمین کیلئے حیدرآباد میں کیمپ منعقد ہوگا جبکہ اضلاع کے عازمین کی ٹیکہ اندازی متعلقہ اضلاع میں کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT