Friday , May 25 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2018 کیلئے تلنگانہ سے 336 منتخب عازمین کا سفر حج منسوخ

حج 2018 کیلئے تلنگانہ سے 336 منتخب عازمین کا سفر حج منسوخ

67 منتخب عازمین کی باضابطہ درخواستیں ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔21۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2018 ء کیلئے تلنگانہ سے 336 منتخب درخواست گزاروں نے سفر حج منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں 67 منتخب عازمین نے باقاعدہ درخواست دیتے ہوئے اپنے سفر کو منسوخ کردیا جبکہ 269 منتخب افراد نے پہلی قسط کی رقم داخل نہیں کی جس کے سبب ان کا نام منتخب عازمین کی فہرست سے خارج ہوجائے گا۔ اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ پہلی قسط کی رقم 81,000 روپئے داخل کرنے کی آخری تاریخ گزرنے کے بعد 269 افراد کی نشاندہی کی گئی جنہوں نے پہلی قسط جمع نہیں کی۔ اس طرح پہلی قسط ادا نہ کرنے والے افراد کا نام فہرست سے نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کیلئے 4066 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا جن میں 508 عازمین کا انتخاب 70 سال عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت کیا گیا۔ 3558 عازمین کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ عمل میں آیا۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ 3586 منتخب عازمین نے اپنے پاسپورٹ حج کمیٹی میں جمع کئے ہیں، جنہیں آج سنٹرل حج کمیٹی روانہ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 141 این آر آئی عازمین کے پاسپورٹس ابھی حاصل نہیں ہوئے۔ این آر آئیز کو پاسپورٹ جمع کرنے کیلئے 15 اپریل تک کی مہلت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 67 عازمین نے سفر کی منسوخی کیلئے حج کمیٹی کو درخواست دی، ان میں تین افراد کا سفر انتقال کے باعث منسوخ کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی تمام ریاستوں سے منسوخ شدہ نشستوں کو یکجا کرنے کے بعد مسلم آبادی کے اعتبار سے ویٹنگ لسٹ کا کوٹہ الاٹ کرے گی۔ تلنگانہ حج کمیٹی جاریہ سال اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ وزارت اقلیتی امور کی جانب سے منتخب کئے جانے والے پیرا میڈیکل اسٹاف کا انتخاب حیدرآباد میں ہو۔ سابق میں کیرالا اور بنگلور میں تقررات کی کارروائی کی گئی تھی۔ اس مرتبہ حیدرآباد کو سلیکشن کا مرکز بنانے کیلئے مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ہر سال حج کے موقع پر خدمات انجام دینے کیلئے ڈاکٹرس اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT