Saturday , April 21 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2018 کیلئے 1456 درخواستیں داخل

حج 2018 کیلئے 1456 درخواستیں داخل

ایک دن میں 437 درخواستوں کا ادخال ‘ خصوصی کاؤنٹرس قائم
حیدرآباد۔ 20 نومبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 1456 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ آج ایک دن میں 437 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ محفوظ زمرے کے تحت ابھی تک 33 درخواستیں موصول ہوئی ہیں جبکہ عام زمرے میں داخل کی گئی درخواستوں کی تعداد 1423 ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 نومبر سے درخواستوں کی اجرائی اور ادخال کا آغاز ہوا تھا اور یہ سلسلہ 7 ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں دفتر حج کمیٹی سے تقریباً 4 ہزار درخواستیں حاصل کی گئی ہیں اس کے علاوہ اضلاع سے علیحدہ طور پر درخواستیں متعلقہ حج سوسائٹیوں کی جانب سے جاری کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج ہائوز میں عازمین کی سہولت کے لیے خصوصی کائونٹرس قائم کیئے گئے ہیں۔ درخواست فارم کی خانہ پری کے لیے 15 جانچ کے لیے 6 اور ادخال کے لیے 2 کائونٹرس قائم کیے گئے اس کے علاوہ مختلف اسنادات کی زیراکس کے سلسلہ میں فری زیراکس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس مرتبہ 70 یا اس سے زائد عمر کے عازمین کا محفوظ زمرہ برقرار ہے جبکہ مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے کے محفوظ زمرے کو ختم کردیا گیا ہے۔ درخواست کے ساتھ 300 روپئے کا چالان جمع کرنا ہوگا جو ایس بی آئی سے حاصل کردہ ہو۔ محفوظ زمرے کے درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کی اوریجنل کاپی جمع کرنی ہوگی جبکہ عام زمرے کے درخواست گزار پاسپورٹ کے زیراکس داخل کرسکتے ہیں۔ اگر پاسپورٹ پر موجود ایڈرس کے علاوہ پتے پر درخواست گزار کا قیام ہو تو انہیں ایڈرس پروفس کے طور پر آدھار کارڈ، الیکشن آئی ڈی، بینک پاس بک کاپی داخل کرنی ہوگی۔ اگر رہائشی پتہ پاسپورٹ کے مطابق ہو تو مذکورہ اسنادات کی ضرورت نہیں۔

TOPPOPULARRECENT