Thursday , August 16 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2018 کے لیے ادخال درخواست کی آج آخری تاریخ

حج 2018 کے لیے ادخال درخواست کی آج آخری تاریخ

تاحال 16 ہزار 232 درخواستیں وصول ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔ 21 ڈسمبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو ابھی تک 16,232 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ 22 ڈسمبر درخواستوں کے ادخال کا آخری دن ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آج ایک دن میں 612 درخواستیں داخل کی گئیں۔ اب تک محفوظ زمرے کے تحت 455 درخواستیں داخل ہوئی ہیں اور ان کا قرعہ اندازی کے بغیر عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں درخواستوں کی تعداد 17 ہزار تک پہنچنے کا امکان ہے۔ جبکہ گزشتہ سال 20 ہزار درخواستیں داخل کی گئی تھیں۔ حج ہائوز نام پلی میں درخواست گزاروں کی رہنمائی کے لیے خصوصی کائونٹرس قائم کیے گئے ہیں۔ درخواست فارمس کی خانہ پری، جانچ اور ادخال کے لیے کائونٹرس قائم کیے گئے جہاں حج امور کے ماہر ملازمین اور والنٹرس کو تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج فارم کے ادخال کی تاریخ میں مزید توسیع کا کوئی امکان نہیں ہے اور 8 تا 15 جنوری کے درمیان تلنگانہ میں قرعہ اندازی کی تاریخ طے کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی تلنگانہ حج کمیٹی کو آندھراپردیش کے عازمین کی خدمت کا اعزاز حاصل ہوگا۔ وجئے واڑہ میں امبارگیشن پوائنٹ نہ ہونے کے سبب آندھراپردیش کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ ان کے علاوہ کرناٹک کے 5 اضلاع کے عازمین کی بھی حیدرآباد سے روانگی عمل میں آئے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ قرعہ اندازی سے قبل تمام ریاستوں کے حج کوٹے کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عازمین حج کی موثر خدمات کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور حج کیمپ میں ہر سال کی طرح بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کے لیے منتخب عازمین کے لیے ناظر رباط حسین محمد الشریف کی جانب سے انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں گزشتہ سال کے مقابلہ زائد عازمین کے قیام کو یقینی بنانے مساعی جاری ہے۔

TOPPOPULARRECENT