Tuesday , February 20 2018
Home / شہر کی خبریں / حج 2018 کے لیے 2561 درخواستوں کی وصولی

حج 2018 کے لیے 2561 درخواستوں کی وصولی

57 درخواستیں محفوظ زمرہ میں داخل ، پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد۔ 23 نومبر (سیاست نیوز) حج 2018ء کے لیے تلنگانہ حج کمیٹی کو آج شام تک 2561 درخواستیں وصول ہوئی ہیں ان میں 57 درخواستیں محفوظ زمرے کے تحت داخل کی گئیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ آج ایک دن میں عام زمرے کے تحت 356 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ اس طرح عام زمرے کے تحت جملہ 2618 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ جاریہ سال محفوظ زمرے کے تحت 70 یا اس سے زائد عمر کے عازمین کو اس زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔ جبکہ مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے پر محفوظ زمرہ جاریہ سال سے ختم کردیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے عازمین حج کی رہنمائی کے لیے حج ہائوز میں مختلف کائونٹرس قائم کیئے ہیں۔ درخواستوں کی خانہ پری، جانچ اور وصولی کے لیے علیحدہ علیحدہ کائونٹرس قائم کیے گئے جہاں دفتری اوقات کے علاوہ بھی حج کمیٹی کے ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرائونڈ فلور پر میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں درخواست گزار رجوع ہوکر مفت میں بلڈ گروپ کا پتہ چلاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 2018ء کے حج کیمپ کے لیے بہتر انتظامات کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کرچکی ہے۔ جاریہ سال کی طرح آئندہ سال بھی آندھراپردیش کے عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ حج کمیٹی ان کے لیے بہتر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔ حج ہائوز میں کیمپ کے انعقاد کے علاوہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر عازمین کی رہنمائی کی جائے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو محرم کے بغیر حج کی اجازت سے متعلق تاحال ایک بھی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ مرکزی حکومت نے مسلک کی اجازت کے اعتبار سے چار یا اس سے زائد خواتین کے گروپ کو محرم کے بغیر حج کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع میں حج سوسائٹیوں کی جانب سے حج فارمس کی اجرائی کا آغاز کیا گیا اور رضاکارانہ طور پر یہ سوسائٹیاں عازمین حج کی خدمت انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے بہتر انتظامات کے سلسلہ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے حالیہ جائزہ اجلاس میں اعتراف کیا کہ ملک میں عازمین حج کے بہتر انتظامات میں تلنگانہ سرفہرست ہے۔ اس سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی کے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کو مبارکباد پیش کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT