Friday , December 15 2017
Home / پاکستان / حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستانی سربراہ افواج کا عزم

حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے پاکستانی سربراہ افواج کا عزم

اسلام آباد۔ 9 اگست (سیاست ڈاٹ کام)پاک آرمی کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العیش سے ملاقات میں پاکستان کی جانب سے الحرمین الشریفین کے دفاع اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے عزم کا اعادہ کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ نے چہارشنبہ کو جنرل ہیڈ کوارٹرس ( جی ایچ کیو) راول پنڈی میں ملاقات کی ہے۔انھوں نے باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ سعودی نائب وزیر نے آرمی چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک تمام امور میں پاکستان کے موقف کی حمایت کرتا ہے اور وہ دہشت گردی کیخلاف جنگ اور پرتشدد انتہا پسندی کے استیصال کیلئے پاکستان کی کوششوں، قربانیوں اورکامیابیوں کو سراہتا ہے۔ سعودی عرب کی قیادت میں 34 عرب اور اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد زائد از دو سال کے عرصہ سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں مصروف ہے جس میں تاحال کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے لیکن اطلاعات کے مطابق حوثیوں کی جانب سے کئی مرتبہ سعودی عرب کے شہروں بالخصوص مکہ مکرمہ کی سمت داغے جانے والے میزائل کے سبب سارے عالم اسلام میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی تھی۔

TOPPOPULARRECENT