Monday , December 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / حریف اسپنرس نہیں قومی بیٹسمین شکست کے ذمہ دار : دھونی

حریف اسپنرس نہیں قومی بیٹسمین شکست کے ذمہ دار : دھونی

ناگپور ۔16 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )اسپنرس کیلئے سازگار وکٹ پر نیوزی لینڈ کیخلاف حیران کن شکست پر ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ حریف اسپنرس نہیں بلکہ شکست کے ذمہ دار ہمارے اپنے بیٹسمین ہیں جنھوں نے غیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے ۔ دھونی نے بیٹسمینوں کو شکست کا ذمہ دار قرار دینے کے علاوہ ٹیم پر اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ وہ آئندہ مقابلوں میں فتوحات کے ذریعہ ورلڈ کپ میں واپسی کرے گی ۔ بظاہر آسان دکھائی دینے والے 127 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم 79 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی اور اس طرح گزشتہ رات یہاں کھیلے گئے مقابلہ میں مہمان نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی شکست نے ہندوستان کو حریف ٹیم کے خلاف پہلی کامیابی سے بھی باز رکھا ہے ۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تاحال پانچ مقابلے ہوئے ہیں اور پانچوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ مقابلے کے بعد میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے دھونی نے کہاکہ حریف اسپنرس نے بہتر مظاہرہ ضرور کیا ہے لیکن شکست کی اصل وجہ قومی بیٹسمینوں کی غیرذمہ دارانہ بیٹنگ رہی ۔ بیٹسمین جس طرح آؤٹ ہوئے اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بیٹسمینوں نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔ دھونی نے اس اعتماد کا بھی اظہار کیا کہ کولکاتہ میں ہفتہ کو پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں ہندوستانی ٹیم واپسی کرے گی ۔ دھونی نے اپنے بولروں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کو جس طرح 127 رنز تک محدود رکھا گیا وہ بولروں کا شاندار مظاہرہ ہے ۔ دھونی نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ اس وکٹ کے متعلق یہ جانتے ہیں کہ یہ 140 رنز کی ہی وکٹ ہے اور نیوزی لینڈ کو 127 رنز تک محدود رکھنا بولروں کا بہتر مظاہرہ ہے ۔ ہندوستانی کپتان نے وکٹ کے برتاؤ کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اسپن لیتی وکٹ پر رنز اسکور کرنا کسی قدر مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس کے برعکس فاسٹ بولروں کیلئے سازگار وکٹ پر ابتدائی چند اوورس ہی مشکل ہوتے ہیں جس کے بعد وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہوجاتی ہے ۔

TOPPOPULARRECENT