Monday , November 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / حسن آباد میں شیر کی دہشت ہنوز برقرار

حسن آباد میں شیر کی دہشت ہنوز برقرار

خونخوار جانور کو پکڑنے میں انتظامیہ ناکام، عوام کی برہمی

حسن آباد۔/22فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد ریونیو ڈیویژن کے مختلف مواضعات میں روزانہ رات دیر گئے اچانک خونخوار شیر کے نمودار ہونے اور بے شمار چوپایوں کو اپنا لقمہ بنانے کا عمل ہنوز جاری ہے۔ تاحال خونخوار شیر کو پکڑنے میں انتظامیہ، ریونیو عہدیداروں اور محکمہ جنگلات کے حکام بری طرح ناکام ہوچکے ہیں جس کے باعث مقامی عوام میں شدید برہمی و خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ خونخوار شیر کو پکڑنے کیلئے محکمہ جنگلات کی 16 ٹیمیں گزشتہ 22دنوں سے مسلسل سرگرداں ہیں تاہم کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ خونخوار شیر نے تازہ طور پر کل رات موضع کنارم و ملازم کے مابین واقع 2 قبائیلی تانڈوں پر اچانک حملہ کرتے ہوئے بھکارونائیک نامی کسان کے مکان میں بندھے ہوئے چار بکریوں کو اپنا لقمہ بنالیا جس کے باعث تقریباً 20 ہزار روپئے کا مذکورہ کسان کو مالی نقصان ہوا۔ بعد ازاں خونخوار شیر نے قریبی موہن تانڈہ میں زرعی باؤلی کے پاس موجود رام داس نائیک کی گائے کو ہلاک کردیا۔ خونخوار شیر کے اچانک حملہ آور ہونے سے مقامی قبائیلی سخت سہمے ہوئے ہیں اور بہ عجلت ممکنہ خونخوار شیر کو زندہ یا مردہ پکڑکر عوام  کو راحت و اطمینان دینے کا متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کررہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT