حسن آباد میں کسان خاندان کی اجتماعی خودکشی

۔3افراد فوت ،ایک کی حالت نازک و تشویشناک

حسن آباد۔/20ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حسن آباد پولیس سرکل کے تحت موضع ترکاوانی کنٹہ منڈل اکنا پیٹ میں آج صبح ایک مقروض کسان خاندان کی اجتماعی خودکشی کرلینے کی دلخراش واردات پیش آئی جس میں مبینہ طور پر کیڑے مار دوا پی کر باپ کے ساتھ بیٹا و بیٹی ہلاک ہوگئے جبکہ ماں ہنوز تشویشناک حالت میں کریم نگر کے سرکاری دواحانہ میں زیر علاج ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس حسن آباد مسٹر مہیندرکی فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب موضع ترکاوانی کنٹہ کا 49 سالہ گنڈا بھگوان ریڈی گزشتہ کئی سالوں سے اپنی آبائی جائیداد 6 ایکڑ اراضی پر مکئی، دھان، کپاس و ترکاریاں کاشت کرتے ہوئے اپنی بیوی، فرزند و دختر پر مشتمل مختصر خاندان کی کفالت کررہا تھا تاہم گزشتہ برسوں سے قابل منافع کاشت نہ ہونے اور خاندان کے گذارے کے علاوہ بچوں کی تعلیم کیلئے مختلف ذرائع سے قرض لیکر 25سالہ فرزند پریم چندرا ریڈی، 22سالہ دختر روجا کو ایم بی اے تک کی تعلیم دلاکر بری طرح قرض کے دلدل میں پھنس چکا تھا۔ قرض کی ادائیگی کیلئے قرض داروں کے بڑھتے ہوئے دباؤ و فرزند کو کوئی قابل ملازمت نہ ملنے اور دختر کی شادی کیلئے درکار رقم نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ سے سخت ذہنی تناؤ میں گھرا ہوا تھا نیز گہری تشویش میں مبتلا رہ کر دو روز قبل اپنے فرزند کو حیدرآباد سے واپس اپنے گھر بلالیا تھا۔ کل رات اپنی بیوی بچوں کے سامنے خاندان کی معاشی حالت و قرضوں کے بوجھ پر تفصیلی مشاورت کی اور مایوسی کی حالت میں اپنی جانب سے خودکشی کرلینے کا ارادہ ظاہر کیا تاہم ارکان خاندان کی مخالفت کے باوجود باضابطہ خودکشی کا نوٹ تحریر کرنے کے بعد بھاری مقدار میں کیڑے مار دوا اپنی بیوی 45 سالہ راجواں، 25 سالہ پریم چندرا ریڈی، 22 سالہ دختر روجا کو پلاکر ارکان خاندان کی موت کی توثیق کے بعد خود بھی پھانسی لیکر برسر موقع فوت ہوگیا۔ آج صبح پڑوسی نے شک کی بنیاد پر متوفی کسان گنڈا بھگوان ریڈی کے مقفل دروازوں کو ہٹاکر مکان کے اندر داخل ہوکر دیکھا تو 45 سالہ راجواں نازک حالت میں تڑپ رہی تھی جبکہ گنڈا بھگوان ریڈی، پریم چندر ریڈی اور روجا ہلاک ہوچکے تھے۔ مقامی عوام نے فوری حسن آباد پولیس اور 108 ایمبولنس حکام کو مطلع کیا۔ سرکل انسپکٹر سرینواس جی راؤ سب انسپکٹر اکنا پیٹ پاپیا نائیک نے جائے حادثہ پہنچ کر نازک حالت میں راجواں کو کریم نگر دواخانہ منتقل کیا نیز نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم حسن آباد دواخانہ منتقل کیا۔ اکنا پیٹ پولیس اس ضمن میں کیس درج کرتے ہوئے مصروف تحقیقات ہے۔

TOPPOPULARRECENT