Friday , September 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / حسن علی کپتان کوہلی کو آوٹ کرنے کے خواہاں

حسن علی کپتان کوہلی کو آوٹ کرنے کے خواہاں

لاہور۔16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی کو آؤٹ کرنے کی خواہش ظاہر کردی جبکہ آل راؤنڈر شعیب ملک کا خیال ہے کہ اچھا کرکٹر خود کو کسی بھی فارمیٹ کے مطابق باآسانی ڈھال سکتا ہے۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں ٹی ٹین کرکٹ لیگ کی فرنچائز پنجابی لیجنڈز کی کٹ کی تقریب رونمائی میں میڈیا سے گفتگو میں حسن علی نے کہا کہ فٹ رہنے کیلئے کھلاڑی کا مسلسل ایکشن میں رہنا ضروری ہے کیونکہ ان کا ذاتی خیال یہی ہے کہ تسلسل کے ساتھ کھیلتے ہوئے فٹنس کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہندوستانی کپتان کوہلی کو آؤٹ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور یقین ہے کہ اس کا موقع ضرور ملے گا۔ حسن علی کے بموجب بطور آل راؤنڈر ٹیم میں جگہ ملنے کے سبب وہ بولنگ کے ساتھ بیٹنگ کے جوہر بھی دکھانا چاہتے ہیں جبکہ انہوں نے وکٹ کے حصول پرجشن منانے کا انداز اپنانے کیلئے بھی خاص تیاری کی ۔ علاوہ ازیں آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا کہ جس طرح کرکٹ وقت کے ساتھ سکڑتی جا رہی ہے اس کے پیش نظر جلد ہی ڈبل وکٹ ٹورنمنٹ بھی مقبولیت حاصل کرلیں گے۔ نیزمصباح الحق ہر فارمیٹ کے کپتان رہیں ہیں جن کے سامنے ٹی ٹین لیگ کے بولرز کم اوورز کی وجہ سے دباؤ کا شکار ہوں گے اور ویسے بھی اچھا کرکٹر خود کو ہر فارمیٹ کے مطابق آسانی سے ڈھال لیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ شارجہ میں ہونے والے ایونٹ میں ان کی ٹیم بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

TOPPOPULARRECENT