Wednesday , November 22 2017
Home / جرائم و حادثات / حسین ساگرمیں خودکشی کے واقعات کو روکنے لیک پولیس کی نمایاں خدمات

حسین ساگرمیں خودکشی کے واقعات کو روکنے لیک پولیس کی نمایاں خدمات

جاریہ سال133 افراد کی زندگیوں کو بچایا گیا، مستقبل میں انتہائی اقدام سے روکنے کونسلنگ
حیدرآباد۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) مختلف وجوہات کے سبب انتہائی اقدام کرنے والے 133 افراد کی زندگیوں کو جاریہ سال بچاتے ہوئے لیک پولیس نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ حسین ساگر میں چھلانگ لگاکر اپنی جان دینے کی کوشش کرنے والے افراد کو انتہائی اقدام سے روکنا اور اُنھیں کونسلنگ کے ذریعہ ایک نئی زندگی کی شروعات کا موقع فراہم کیا گیا۔ خودکشی کو آخری راستہ سمجھ کر اکثر لوگ انتہائی اقدام کر بیٹھتے ہیں جنھیں لیک پولیس نے چوکسی اختیار کرتے ہوئے اُنھیں ایسا کرنے سے باز رکھا ہے۔ جاریہ سال ستمبر تک 133 افراد کو خودکشی سے بچالئے جانے والے متاثرہ افراد میں 80 خواتین شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی کئی خواتین اپنے شوہروں کے ظلم سے تنگ آکر انتہائی اقدام کرنے جارہی تھیں۔ پولیس کی کونسلنگ کے دوران یہ پتہ چلا کہ خواتین اپنے عادی شرابی شوہروں کے ظلم و ستم اور بعض خواتین اپنے شوہروں کے ناجائز تعلقات سے دلبرداشتہ ہوکر حسین ساگر جھیل میں جان دینے کے لئے مجبور ہوچکی تھیں۔ ایسے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں جس میں خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ خودکشی کے لئے مجبور دیکھی گئیں۔ خودکشی کے لئے مجبور ہونے والے کئی افراد میں بے روزگار نوجوان اور تنگدستی کا شکار افراد بھی شامل ہیں۔  43 ملازمین پر مشتمل لیک پولیس حسین ساگر جھیل (ٹینک بینڈ) ، نیکلس روڈ اور لوور ٹینک بینڈ علاقوں میں 24 گھنٹے چوکسی اختیار کئے رہتے ہیں جس کے سبب اقدام خودکشی کرنے والوں کو بچانا ممکن ہے۔ انسپکٹر لیک پولیس شریمتی سری دیوی نے بتایا کہ خودکشی کا ارادہ رکھنے والے افراد کی آسانی سے نشاندہی کرلی جاتی ہے چونکہ مشکوک حرکات اور ملبوسات واضح طور پر ان کے ارادوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بچالئے گئے افراد کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا جاتا ہے اور اُن کے قریبی رشتہ داروں کو پولیس اسٹیشن طلب کرتے ہوئے اُن کی کونسلنگ کی جاتی ہے۔ بعض افراد کی کونسلنگ کے دوران یہ پتہ لگا ہے کہ  وہ نفسیاتی مریض ہیں جس کا اُن کے افراد کو علم نہیں ہوتا۔ انھوں نے بتایا کہ لیک پولیس عملہ عوام کی جان بچانے کے لئے مزید چوکسی اختیار کرے گا۔

TOPPOPULARRECENT