Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / حصول اراضیات کی نئی پالیسی کا عنقریب اعلان

حصول اراضیات کی نئی پالیسی کا عنقریب اعلان

قواعد کے مسودہ کی اجرائی ، جواب پر غور کے بعد اعلامیہ کو قطعیت

قواعد کے مسودہ کی اجرائی ، جواب پر غور کے بعد اعلامیہ کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 15 ۔ نومبر : ( پی ٹی آئی ) : تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے آج یہاں اعلان کیا کہ حکومت تلنگانہ اس ریاست میں بہت جلد حصول اراضیات کی نئی پالیسی کا اعلان کرے گی ۔ اسمبلی میں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی ( ٹی آر ایس ) ارکان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے جن کے پاس مال ، امداد و باز آبادکاری کے قلمدان بھی ہیں کہا کہ ’’ ریاست تلنگانہ حصول اراضیات میں حقوق منصفانہ معاوضہ و شفافیت ، باز آباد کاری و متبادل مقامات کی فراہمی کے قانون 2013 ‘‘ کے مسودہ قوانین کی 13 نومبر کو اشاعت عمل میں لائی جاچکی ہے ۔ مسٹر محمود علی نے وقفہ سوالات کے دوران ٹی آر ایس ارکان کو پلاایشور ، سوما راپو ستیہ نارائنا اور دوسروں سے کہا کہ ’’ ( حصول اراضیات سے ) امکانی طور متاثر ہونے والے افراد سے اعتراضات و تجاویز طلب کئے گئے ہیں اور اس کے لیے 15 دن کا وقت دیا گیا ہے ۔ اس مقررہ مدت کے اختتام کے بعد اعتراضات و تجاویز پر غور کیا جائے گا ۔ بعد ازاں قطعی اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ علاوہ ازیں حصول اراضی کا سارا عمل قانون حصول اراضی 2013 کے مطابق مکمل کیا جائے گا ‘‘ ۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس حکومت نے نئی ریاست میں اقتدار حاصل کرنے کے فوری بعد ڈپٹی چیف منسٹر ( مال ) کی قیادت میں وزراء کا ایک گروپ تشکیل دیا تھا تاکہ عوامی مقاصد کے لیے حصول اراضیات سے متعلق قواعد و قوانین کو قطعیت دی جاسکے ۔

TOPPOPULARRECENT