Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حصول ذمہ داری سے قبل سید عمر جلیل کی نماز ادائیگی اور خصوصی دعا

حصول ذمہ داری سے قبل سید عمر جلیل کی نماز ادائیگی اور خصوصی دعا

ادارہ کی حساسیت و تنازعات کو بحسن و خوبی انجام دینے کا عزم
حیدرآباد۔/23اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وقف بورڈ کے اُمور کی نگرانی پر یوں تو سابق میں بھی کئی عہدیدار فائز کئے گئے لیکن موجودہ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے آج بورڈ کے عہدیدار مجاز کا جائزہ حاصل کرنے سے قبل دو رکعت نماز ادا کی اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کی کہ انہیں اس ذمہ داری کو پوری دیانتداری کے ساتھ انجام دینے میں مدد فرمائے۔ سید عمر جلیل کے اس اقدام پر بورڈ کے عہدیدار اور ملازمین حیرت میں پڑ گئے اور انہوں نے ان کے اس جذبہ کی ستائش کی۔ یقینا وقف بورڈ کی ذمہ داری اور وہ بھی موجودہ حالات میں کسی کانٹوں بھرے تاج سے کم نہیں۔ اس کا اظہار سید عمر جلیل کے ذمہ داری سنبھالنے کے موقع پر ہوا۔ انہوں نے حج ہاوز پہنچتے ہی سیدھے حج ہاوز کی مسجد پہنچ کر نماز ادا کی۔ اس بارے میں جب میڈیا نے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو قبول کرنے سے قبل اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا کرنے کیلئے پہنچے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یقینا وقف بورڈ کی ذمہ داری ایسی ہے کہ اسے سنبھالنے سے قبل اللہ تعالیٰ کی مدد طلب کرنا ضروری ہے، اُس کی مدد کے بغیر کامیابی کا حصول ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارہ کی حساسیت اور تنازعات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے بارگاہ خداوندی میں سجدہ ریز ہوکر دعا کی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے بورڈ کی کارکردگی میں بہتری کیلئے سکریٹری کو عہدیدار مجاز کی ذمہ داری دی حالانکہ یہ عہدہ سکریٹری کے عہدہ سے کم رتبہ کا حامل ہے۔ اس موقع پر ایک عہدیدار نے ریمارک کیا کہ عہدہ سے سبکدوش ہونے والے افراد کو بھی سجدہ شکر ادا کرنا چاہیئے کہ وہ کسی تنازعہ کے بغیر خیر خوبی کے ساتھ ذمہ داری سے سبکدوش ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT