Monday , June 18 2018
Home / شہر کی خبریں / حفظان صحت کے معاملے میں حکام کی چوکسی

حفظان صحت کے معاملے میں حکام کی چوکسی

برڈ فلو کی روک تھام کیلئے منصوبہ بندی ، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

برڈ فلو کی روک تھام کیلئے منصوبہ بندی ، عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ
حیدرآباد 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) کیرالا اور چندی گڑھ میں برڈ فلو الرٹ جاری کئے جانے کے بعد حیدرآباد میں بھی برڈ فلو کے آثار کے متعلق عوام میں تشویش پھیل چکی ہے۔ شہر میں سوائن فلو سے ہونے والی اموات اور سوائن فلو کے مریضوں کی نشاندہی کے بعد اب برڈ فلو کی دہشت پھیلنے کے خدشات پیدا ہوچکے ہیںگزشتہ ماہ کیرالا میں ہزاروں پرندوں کو تلف کئے جانے کے بعد اب یہ وباء اترپردیش اور چندی گڑھ کے اضلاع میں پائی جارہی ہے۔ برڈ فلو کے آثار نمایاں ہوتے ہی دونوں ریاستوں میں حکومتوں کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور برڈ فلو سے متاثرہ مرغیوں کو تلف کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ حیدرآباد اور ریاست تلنگانہ میں برڈ فلو کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تاحال ریاست کے کسی ضلع میں برڈ فلو کے آثار نظر نہیں آئے ہیں لیکن اِس کے باوجود سرکاری سطح پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور چوکسی برتنے کی زبانی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ برڈ فلو کے سبب انسان کے دفاعی نظام کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے اور اِس وائرس سے پھیلنے والی بیماریاں جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہیں اِسی لئے برڈ فلو کی صورت میں تمام تر احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی جاتی ہے۔ گزشتہ دنوں حیدرآباد میں سوائن فلو سے ہونے والی تین اموات کے بعد گزشتہ یوم ایک اور مریض کے سوائن فلو ٹسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں اور متاثرہ خاتون مریض کا علاج جاری ہے۔ شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بڑے پیمانے پر اِن وائرس کے متعلق شعور بیداری مہم ناگزیر ہے۔ علاوہ ازیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے فوری طور پر شہر کے تمام علاقوں میں صاف صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جانا ضروری ہے۔

TOPPOPULARRECENT