Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / حقیقی جنتادل (یو) میرے ساتھ ، شردیادو کا ادعا

حقیقی جنتادل (یو) میرے ساتھ ، شردیادو کا ادعا

بہارکے 11 کروڑ عوام کا بھروسہ ٹوٹ گیا، جے ڈی (یو) میں پھوٹ کے آثار نمایاں
پٹنہ ؍ حاجی پور 10 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) میں سمجھا جارہا ہے کہ خلیج آج مزید گہری ہوگئی جبکہ سینئر قائد شرد یادو نے دعویٰ کیاکہ حقیقی پارٹی اُن کے ساتھ ہے۔ اُنھوں نے نتیش کمار کے بی جے پی کے ساتھ اتحاد کو ’’بہار کے عوام سے غداری‘‘ قرار دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام نے پانچ سال تک عظیم اتحاد کی برقراری کی تائید میں ووٹ دیا تھا لیکن نتیش کمار کے فیصلے سے اُن کے ساتھ دغا بازی ہوگئی۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں اِس سے صدمہ پہنچا ہے۔ وہ اب بھی عظیم اتحاد کی تائید میں ہیں۔ شرد یادو نے کہاکہ عظیم اتحاد اور بی جے پی میں آئندہ اسمبلی انتخابات علیحدہ علیحدہ منشور جاری کئے ہیں۔ عظیم اتحاد سے نتیش کمار کے ترک تعلق کے بعد شرد یادو کا اولین دورۂ بہار ہے۔ صاف ظاہر ہورہا ہے کہ جے ڈی (یو) نے اُن سے دوری اختیار کرلی ہے۔ ایرپورٹ پر اُن کے استقبال کے لئے صرف مٹھی بھر پارٹی قائدین موجود تھے جن میں سابق ریاستی وزیر رمائی رام شامل ہیں۔ تاہم آر جے ڈی کے حامیوں نے کثیر تعداد میں اُن کا استقبال کیا۔ اِس سوال پر کہ کیا اُن کا دورہ ’’مخالف پارٹی سرگرمیوں‘‘ کے زمرہ میں آتا ہے، راجیہ سبھا میں قائد جے ڈی (یو) شرد یادو نے کہاکہ وہ اِس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔ شرد یادو کا قافلہ ایرپورٹ سے راست ضلع سارنگ کے علاقہ سونے پور کے لئے روانہ ہوگیا جہاں سے وہ حاجی پور اور مظفرپور جائیں گے۔ وہ مظفر پور میں رات بسر کریں گے۔ سونے پور میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شرد یادو نے کہاکہ ’’سرکاری جے ڈی (یو) نتیش کمار کے ساتھ ہے، جبکہ حقیقی پارٹی میرے ساتھ ہے۔ حقیقی جے ڈی (یو) سیکولر طاقتوں کے ساتھ روابط رکھتی ہے اور آئندہ عام انتخابات کے بعد حکومت تشکیل دے گی‘‘۔ آر جے ڈی کے رکن اسمبلی برائے سونے پور رامانج پرساد جلسہ میں شہ نشین پر شرد یادو کے ساتھ موجود تھے۔ آر جے ڈی حامیوں کی کثیر تعداد اور بعض جے ڈی (یو) کارکنوں کی تعداد میں شرد یادو کا رام اشیش چوک، انجن پیر چوک اور حاجی پور میں اُن کا استقبال کیا۔ اُن کے دورے میں آر جے ڈی حامیوں کی شمولیت کے بارے میں سوال پر شرد یادو نے اِس کا جواز پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ عظیم اتحاد کا ایک حصہ ہیں اور وہ بھی اِسی کا حصہ ہیں۔ کل شرد یادو دربھنگا اور مدھوبنی، ساپوال، سہرسا، مادھے پورہ کا 12 اگسٹ کو دورہ کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT