Saturday , November 25 2017
Home / سیاسیات / حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے حکومت کی مذموم کوشش

حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے حکومت کی مذموم کوشش

اپوزیشن کو بدنام نہ کیا جائے، راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد کا ردعمل
نئی دہلی۔21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج راجیہ سبھا میں جوینائل (نابالغ) جسٹس بل راجیہ سبھا میں پیش کرنے پر تنقید کی اور کہا کہ آج کی کارروائی میں اس کا ذکر بھی نہیں تھا لیکن حکومت حقیقی مسائل بالخصوص ڈی ڈی سی اے سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسا کررہی ہے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوان میں آج وزیر فینانس ارون جیٹلی سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس ارکان نے احتجاج کیا اور کارروائی چلنے نہیں دی۔ بعدازاں غلام نبی آزاد نے کہا کہ حکومت حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے جب دہلی ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن (ڈی ڈی سی اے) کا مسئلہ اٹھایا تو حکومت نے جوینائی جسٹس بل کی بات کی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا کانگریس اس بل کی تائید کرے گی؟ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن نے اثبات میں جواب دیا۔ ہم نے کہا تھا کہ یہ بل کل پیش کیا جائے اور ہم اس کی تائید کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سوال بل کی تائید کا نہیں بلکہ ایوان میں اٹھائے جانے والے مسائل کا ہے۔ انہوں نے حکومت پر اپوزیشن کو بدنام کرنے کی چالاک کوشش کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کس طرح اپوزیشن کو بدنام کررہی ہے۔ ہم نے صرف یہی کہا ہے کہ یہ بل آج کی کا رروائی میں چوں کہ شامل نہیں لہٰذا اسے کل پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے جانے والے مختلف مسائل بشمول ڈی ڈی سی اے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ قائد اپوزیشن نے کہا کہ انہوں نے حکومت سے یہی کہا تھا کہ ایوان میں بل پیش کرنے سے قبل کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے اور اسے آج ایوان کی کارروائی میں شامل بھی نہیں رکھا گیا تھا لیکن حکومت نے محض وزیر فینانس کا مسئلہ اپوزیشن کی جانب سے نہ اٹھانے کے مقصد سے سوچے سمجھے انداز میں یہ بل پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ بل منظور کرنا چاہتی ہے لیکن اپوزیشن کی وجہ سے ایسا نہیں ہوپارہا ہے۔ انہوں نے پھر ایک بار حکومت سے کہا کہ وہ جوینائل جسٹس بل کل پیش کرے۔

TOPPOPULARRECENT