Thursday , November 23 2017
Home / عرب دنیا / حلب میں باغیوں کا دھماکہ، 38 سرکاری فوجی ہلاک

حلب میں باغیوں کا دھماکہ، 38 سرکاری فوجی ہلاک

بیروت ۔ 22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) تقریباً 40 شامی فوجی اور حکومت حامی جنگجو ہلاک ہوگئے جبکہ باغیوں نے ایک حکومت کے مورچہ کے نیچے سے گذرنے والی سرنگ کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ برطانیہ میں قائم انسانی حقوق کی نگرانکار تنظیم شامی رصدگاہ کے بموجب 38 سرکاری فوجی دھماکہ سے ہلاک ہوگئے۔ اس کی وجہ سے حلب کے قدیم شہر میں حکومت کے زیراستعمال ایک عمارت بھی منہدم ہوگئی۔ نگرانکار ادارہ نے قبل ازیں ہلاکتوں کی تعداد 14 بتائی تھی۔ باغیوں کے زیرقبضہ علاقہ تمبرالشام میں دھماکہ کا آن لائن ویڈیو شائع کیا گیا ہے جس میں اس واقعہ کی جھلکیاں دیکھی جاسکتی ہیں۔ فوجی ایک طویل سرنگ سے گذر رہے ہیں اور دھماکو مادوں سے بھرے ہوئے بیارل تیار کررہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک باغی کو کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ہم سرنگ کے اندر ہے اور جلد ہی اسے دھماکہ سے اڑا دیں گے۔ یہ سرنگ ٹریفک برانچ بلڈنگ کے نیچے تھی۔ بشارالاسد کی حکومت اور ان کے کرایہ کے فوجی اپنا ایک اہم ہیڈکوارٹر اس عمارت میں قائم کرچکے تھے۔ جھلکیوں میں ایک زبردست دھماکہ دکھایا گیا ہے جس سے کثیر منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ ایک زبردست گرد اور دھویں کا بادل فضاء میں اٹھتا ہوا دکھایا گیا ہے اور اس کے بعد فائرنگ کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ حلب کبھی شام کا معاشی دارالحکومت کہلاتا تھا۔

TOPPOPULARRECENT