Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / حلقہ لوک سبھا ورنگل میں آج رائے دہی ، سخت سیکوریٹی انتظامات

حلقہ لوک سبھا ورنگل میں آج رائے دہی ، سخت سیکوریٹی انتظامات

1778 پولنگ اسٹیشنس ، 15,09,671 ووٹرس 23 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے
حیدرآباد /20 نومبر ( این ایس ایس ) حلقہ لوک سبھا ورنگل میں ضمنی انتخابات کیلئے 21 نومبر کو رائے دہی کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے ہیں جہاں ہفتہ کو صبح 7 تا 5 بجے شام ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر بھون لال نے سکریٹریٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے ۔ رائے دہندوں میں زائد از 96 فیصد ووٹر سلپس تقسیم کئے جاچکی ہیں ۔ بھون لال نے رائے دہندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے جمہوری حق سے استفادہ کریں ۔ رائے دہی کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر پولنگ بوتھ پر سب سے پہلے پہونچنے والے رائے دہندہ کا استقبال کرتے ہوئے گلپوشی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں یہاں 76 فیصد رائے دہی ہوئی تھی اور اس مرتبہ ہم اس سے بھی زائد رائے دہی کی توقع کرتے ہیں ۔ بھنور لال نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو روکتے ہوئے دو کروڑ روپئے نقد اور 5000 لیٹر شراب ضبط کی گئی ۔ پارلیمانی حلقہ ورنگل میں 19 نومبر سے 21 نومبر 5 بجے شام تک شراب پر امتناع عائد ہے جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے گی ۔ ویب کاسٹنگ کے ذریعہ انتخابی عمل پر کڑی نظر رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندے اپنے پسند کے مطابق 23 کے منجملہ کسی بھی امیدوار کے حق میں ووٹ دے سکتے ہیں یا پھر تمام امیدواروں کو ناپسند اور مسترد کرنے کے حق سے استفادہ کے طور پر ’نوٹا ‘ کا استعمال بھی کرسکتے ہیں ۔ بھنور لال نے کہا کہ ورنگل میں 15,09,671 ووٹرس ہیں جن میں 7,57,231 مرد ، 7,52,293 خواتین رائے دہندے ہیں ۔ ان کے علاوہ تیسری جنس سے تعلق رکھنے والے 147 ووٹرس بھی ہیں ۔ 1,778 مراکز رائے دہی پر خاطر خواہ عملہ تعینات کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی یا دھمکیوں کی صورت میں 180042522747 پر ٹال فری کال کرسکتے ہیں اور 8790499899 پر ایس ایم ایس کے ذریعہ شکایت کی جاسکتی ہے ۔ پی ٹی آئی کے مطابق حلقہ کے 1778 پولنگ اسٹیشنوں میں 642 کو حساس ، 498 کو انتہائی حساس اور 33 کو بائیں بازو ( انتہائی پسندی ) سے متاثر قرار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیکوریٹی انتظامات کے طور پر 7,606 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT