Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / حلقہ نندیال میں 23 اگسٹ کو رائے دہی ‘ تمام تیاریاں مکمل

حلقہ نندیال میں 23 اگسٹ کو رائے دہی ‘ تمام تیاریاں مکمل

255 پولنگ اسٹیشنوں کا قیام ۔انتخابی خلاف ورزی کے 44 کیسیس ۔ چیف الیکٹورل آفیسر
حیدرآباد۔10 اگست (سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے حلقہ اسمبلی نندیال کیلئے 23 اگست کو رائے دہی ہوگی۔ اس رائے دہی کیلئے جملہ 255 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور رائے دہی کے اوقات صبح 7 تا شام 5 تک ہوں گے ۔ حلقہ نندیال کیلئے ضمنی انتخابات میں پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری اختیار کرنے کا وقت ختم ہوجانے کے بعد اب میں 15 امیدوار میدان میں ہیں اور ان انتخاب کیلئے تمام تر تیاریاں تقریباً مکمل کرلی گئی ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر آندھرا پردیش و تلنگانہ بھنور لعل نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی اور بتایا کہ انتخابی اعلامیہ کے بعد سے اب تک مختلف انتخابی بے قاعدگیوں کے 44 کیسیس درج کئے گئے اور 11 لاکھ روپئے بھی ضبط کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 اگست تک ووٹر کارڈز کیلئے درخواستیں پیش کرنے والے رائے دہندوں کو ووٹر شناختی کارڈز فراہم کردیئے گئے۔ حلقہ اسمبلی نندیال میں جملہ 2,19,108 رائے دہندے ہیں اور تمام مراکز رائے دہی پر لائیو کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ بھنور لعل نے بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس صدر جگن موہن ریڈی کی وضاحت انہیں وصول ہوئی ہے اور ان کی وضاحت پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ضلع کلکٹر کو ہدایت دی گئی اور اس رپورٹ کی وصولی کے ساتھ ہی مرکزی الیکشن کمیشن کو رپورٹ روانہ کردی جائیگی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے سیاسی جماعتوں کے قائدین کو غیرشائستہ الفاظ کے استعمال سے احتراز کرنے اور شائستہ انداز میں اظہار خیال کا مشورہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بعض وزرا کے تعلق سے بھی شکایتیں وصول ہوئی ہیں اور اپنے اختیارات کا بے جا استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا۔ بھنور لعل نے مجوزہ ضمنی انتخاب کیلئے سکیورٹی انتظامات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ حلقہ اسمبلی نندیال کی رائے دہی کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے 8 آرمڈ سنٹرل فورسیس کی کمپنیاں طلب کرکے اور آندھرا پردیش اسپیشل پولیس کو تعینات کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق رائے دہی کا استفادہ کرنے والے ہر رائے دہندے کی تصویر لی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT