Tuesday , December 11 2018

حلقہ نندی گاؤں سے تلگودیشم کی امیدوار منتخب

وجئے واڑہ 16 ستمبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کے حلقہ نندی گاؤں کے ضمنی انتخابات میں حکمراں تلگودیشم پارٹی کی امیدوار ٹی سومیا نے 74,827 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے جس سے تلگودیشم پارٹی کو زبردست تقویت ملی۔ ٹی سومیا جو ایک سافٹ ویر انجینئر ہیں، اپنے والد کی موت کے سبب مخلوعہ ہونے والی نشست پر منعقدہ ضمنی انتخابات میں پیدا شدہ ہمدردی کی لہر کے تحت 99,748 ووٹ حاصل کئے اور کانگریس کے کلیدی حریف امیدوار بی بابو راؤ کو بہت پیچھے چھوڑ دیا۔ بابو راؤ کو 24,921 ووٹ حاصل ہوئے۔ اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا تھا کیونکہ حکمراں جماعت تلگودیشم پارٹی نے آنجہانی رکن اسمبلی کی دختر کو بلامقابلہ منتخب کرنے کے لئے تمام جماعتوں سے اپنے امیدوار نامزد نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔ سومیا کے والد مئی میں منعقدہ انتخابات میں کامیابی کے دوسرے ہی دن قلب پر حملہ کے سبب فوت ہوگئے تھے۔ سومیا نے اپنی کامیابی کو تلگودیشم پارٹی کے صدر اور چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی قیادت اور اپنے والد کی سخت محنت و صاف ستھرے امیج کی مرہون منت قرار دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT