حلقہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات پر کانگریس کی توجہ مرکوز

اتوار کو حیدرآباد میں کانگریس قائدین کا اجلاس، آر سی کنشیا کی شرکت

اتوار کو حیدرآباد میں کانگریس قائدین کا اجلاس، آر سی کنشیا کی شرکت
حیدرآباد /12 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے اضلاع حیدرآباد، رنگا ریڈی اور کھمم کے پارٹی قائدین کا اجلاس طلب کیا ہے، جس میں سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس امور آر سی کنشیا شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ پردیش کانگریس نے گریجویٹ کوٹہ کے ارکان قانون ساز کونسل کے انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کردی ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے دو حلقوں کے 6 اضلاع میں کانگریس قائدین کو متحرک کیا جا رہا ہے، جس کے لئے 15 مارچ بروز اتوار گاندھی بھون میں حیدرآباد کانگریس قائدین کا ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس ملو بٹی وکرامارک اجلاس کی صدارت کریں گے، جب کہ آر سی کنشیا بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ ذرائع کے بموجب یہ اجلاس صبح 11 تا دوپہر ایک بجے منعقد ہوگا۔ بعد ازاں مسٹر کنشیا دوپہر دو بجے ورنگل کے اجلاس میں شرکت کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کے بموجب 15 مارچ کو ہی ضلع اور سٹی کانگریس کمیٹیوں کا اجلاس بھی گاندھی بھون میں 11 بجے منعقد ہوگا، جس کی صدارت صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کریں گے، جب کہ 16 مارچ کو محبوب نگر میں منعقد شدنی ضلع کانگریس کمیٹی کے اجلاس میں آر سی کنشیا اور ملو بٹی وکرامارک شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ اتم کمار ریڈی اور ملو بٹی وکرامارک کے لئے گریجویٹ کوٹہ کے انتخابات بہت بڑا چیلنج بن گئے ہیں، لہذا دونوں قائدین 6 اضلاع کے کانگریس صدور، ارکان اسمبلی، سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی و پارلیمنٹ سے ربط پیدا کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے حق میں سازگار ماحول تیار کرنے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT