Tuesday , December 11 2018

حوالہ ریاکٹ بے نقاب‘27 لاکھ روپئے برآمد

حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے شہر میں ایک اور حوالہ ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 27 لاکھ روپئے نقد رقم برآمد کرلی۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے سلطان بازار کے علاقہ گجراتی گلی میں حوالہ ریاکٹ سرگرم ہونے کی اطلاع پر کل اچانک کرشنا موبائیل فون شاپ پر دھاوا کیا اور حوالہ کاروبار میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ 65 سالہ بی مدھوسدن پرساد، دیگر دو افراد 22 سالہ سوہن لال عرف سونو اور 27 سالہ کشور کمار کی مدد سے حوالہ کا کاروبار چلا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ ریاکٹ کا سرغنہ راجستھان کا متوطن بلونت سنگھ ہے جو اپنے دیگر ساتھیوں دہلی کے کمل، وکرم اور ممبئی کے شنکر کی مدد سے میٹرو پولیٹن شہروں میں حوالہ کا کاروبار کررہا تھا۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ گجراتی گلی میں بڑے پیمانے پر حوالہ کا کاروبار چلائے جانے کی اطلاع پر ٹاسک فورس نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے 27 لاکھ 90 ہزار روپئے کی نقد رقم برآمد کرلی اور 3 مذکورہ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ اس ریاکٹ کا سرغنہ بلونت سنگھ ہنوز مفرور ہے۔ مفرور ملزم بلونت سنگھ کی گرفتاری کیلئے پولیس کی جانب سے خصوصی ٹیمیں بنائی گئی ہیں جنہیں راجستھان روانہ کیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ بلونت سنگھ پہلے چوڑیوں کا کاروبار کرتا تھا جس نے بعد میں حوالہ کا کاروبار شروع کیا تھا کیونکہ اس میں اسے زیادہ نفع مل رہا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT