Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / حکمرانی کے مودی ٹریک ریکارڈ کو عوام تک پہنچائیں

حکمرانی کے مودی ٹریک ریکارڈ کو عوام تک پہنچائیں

بی جے پی کے یوم تاسیس پر پارلیمنٹری پارٹی سے امیت شاہ کا خطاب
نئی دہلی 6 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج اپنے پارٹی قائدین سے کہاکہ وہ تمام ریاستوں میں تنظیم کی مضبوطی کے لئے کام کریں بالخصوص وہاں جہاں اس کی رسائی ہنوز محدود ہے اور اُنھیں تاکید کی کہ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر نریندر مودی کی حکمرانی کے ٹریک ریکارڈ کو عوام تک پہنچائیں۔ وزیراعظم مودی جو اپنے دفتر میں بانیان پارٹی کو خراج پیش کرنے کے بعد جھارکھنڈ کو ایک ایونٹ کے سلسلہ میں روانہ ہوئے، اُن کی غیر حاضری میں بی جے پی پارلیمنٹری پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے ایم پیز سے خواہش کی کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی آئندہ چند یوم کے دوران مقررہ ایونٹس کے لئے ہدایات کی خوش دلی سے تعمیل کریں۔ بی جے پی نے 6 اپریل جو اس کا یوم تاسیس ہے اور 14 اپریل جو دلتوں کے عظیم لیڈر بھیم راؤ امبیڈکر کا یوم پیدائش ہے، اِس 8 روزہ مدت کے دوران اپنے پارلیمنٹرینس اور دیگر قائدین کے لئے سلسلہ وار پروگراموں کا اہتمام کیا ہے۔ اِس میں اُن ریاستوں اور لوک سبھا نشستوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی جہاں پارٹی نے2014  ء کے انتخابات میں اچھا مظاہرہ نہیں کیا اور 2019 ء میں وہ اپنے امکانات میں بہتری چاہتے ہیں۔ بی جے پی نے مرکزی وزراء اور سینئر پارٹی قائدین کو مقامات پر مختلف پروگراموں کے سلسلہ میں مصروف رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ امیت شاہ نے کہاکہ آپ کے سامنے مودی ٹریک ریکارڈ ہے جو گجرات سے شروع ہوا ہے۔ اِس اچھی حکمرانی اور ترقیاتی نمونے کو ہر جگہ عوام تک پہنچائیں۔ مودی نے 2014 ء میں کہا تھا کہ ذات پات، خاندانی حکمرانی اور خوشامد تین عوامل نے ہندوستانی سیاست کو بیمار کر رکھا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام نے 2014 ء میں بی جے پی کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے زبردست تبدیلی کا کام کیا۔ اُنھوں نے دوبارہ یہی کام حالیہ اترپردیش چناؤ میں کیا ہے۔ ہم نے نظام حکومت کو اِن بیماری والے عناصر سے پاک کرنے کا عہد کیا ہے۔ وزیر پارلیمانی اُمور اننت کمار نے میٹنگ کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی اور کہاکہ ڈیجیٹائزیشن اور ڈیجیٹل پے منٹ والے پروگرام بھیم ایپ کے علاوہ پارٹی قائدین اِس آٹھ روزہ مدت کے دوران جی ایس ٹی کے فوائد سے بھی عوام کو واقف کرائیں گے۔ 1980 ء میں تشکیل کے بعد سے بی جے پی موجودہ طور پر لوک سبھا میں 281 ایم پیز اور مختلف ریاستی اسمبلی میں تقریباً 1400 ایم ایل ایز کی عددی طاقت کے ساتھ اپنے عروج پر ہے۔ امیت شاہ نے نشاندہی کی کہ پارٹی 13 ریاستوں میں برسر اقتدار ہے۔

TOPPOPULARRECENT