Tuesday , October 16 2018
Home / شہر کی خبریں / حکومت آندھرا پردیش سے وجئے واڑہ میں اردو کالج کی تعمیر کے لیے ایک ایکڑ جگہ کی فراہمی

حکومت آندھرا پردیش سے وجئے واڑہ میں اردو کالج کی تعمیر کے لیے ایک ایکڑ جگہ کی فراہمی

ڈاکٹر شیخ محمد نعمان چیرمین آندھرا پردیش اسٹیٹ اردوا کیڈیمی کا ریاستی زیر اعلیٰ این چندرا بابو نائیڈو سے اظہار تشکر
وجئے واڑہ ۔ 22 ۔ فروری : ( پریس نوٹ ) : ڈاکٹر شیخ محمد نعمان چیرمین آندھرا پردیش اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے آندھرا پردیش ریاستی کابینہ میں ودھیا دھرا پورم وجئے واڑہ میں اردو کالج کی عمارت کے لیے ایک ایکڑ جگہ فراہم کیے جانے کے فیصلہ پر وزیر اعلیٰ جناب چندرا بابو نائیڈو کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ ڈاکٹر شیخ محمد نعمان نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ آندھرا پردیش کے چیف منسٹر ریاست میں دیگر طبقات کے ساتھ اقلیتی طبقات خاص کر مسلمانوں کے معاشی اور تعلیمی مسائل کے حل کے لیے کافی سنجیدہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کے لیے اس سے قبل بھی کالج کے لیے 25 ایکڑ اراضی کی فراہمی اور نبارڈ کے ذریعہ کالج بلڈنگ کی تعمیر کے لیے 2.30 کروڑ روپئے کی منظوری ہوئی ہے ۔ اسی طرح وجئے واڑہ میں کالج کے لیے ایک ایکڑ جگہ کی فراہمی کا فیصلہ بھی اقلیتوں کے تعلیمی مسائل کے حل کی کوششوں کی ایک کڑی ہے ۔ ڈاکٹر شیخ محمد نعمان نے مزید بتایا کہ آندھرا پردیش میں اردو زبان و ادب کے فروغ ، ترقی و ترویج کے سلسلہ میں ریاستی اردو اکیڈیمی کے تحت مختلف اسکیمات جاری ہیں اور حکومت کی جانب سے اردو زبان کی ترقی کے سلسلہ میں مثبت اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست میں 18 انٹر میڈیٹ کالجس میں 8000 اردو میڈیم طلباء تعلیم حاصل کررہے ہیں اور اسی طرح 23 ڈگری کالجس میں 2000 طلباء اردو سے تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔ ڈاکٹر شیخ محمد نعمان نے مزید کہا کہ حکومت آندھرا پردیش کے اس اقدام سے اقلیتی طبقات خاص کر اردو داں اصحاب نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور چندرا بابو نائیڈو اور کابینی ارکان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT