Monday , December 18 2017
Home / Top Stories / حکومت اتر پردیش کے متنازعہ احکامات

حکومت اتر پردیش کے متنازعہ احکامات

ایک سے زائد شادی کرنے پر اردو اساتذہ تقرر کیلئے نااہل

لکھنؤ۔/14جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت اتر پردیش نے یہ حکمنامہ جاری کیا ہے کہ ایک سے زائد شادی کرنے والا شخص سرکاری اسکولوں میں اردو ٹیچر کی حیثیت سے تقرر کا اہل نہیں ہوگا، جس پر مسلم پرسنل لا بورڈ نے شدید اعتراض کیا ہے اور کہا کہ اس طرح کی تحدیدات سے مسلمانوں کے حقوق پامال ہوتے ہیں۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل پرائمری اسکولوں میں 3,500 اوردو اساتذہ کے تقررات کیلئے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ درخواست میں اپنی شادی کے موقف کی وضاحت کریں۔ اگر ان کی دو بیویاں بقید حیات ہیں تو وہ بحیثیت ٹیچر تقرر کے اہل نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازیں خاتون امیدوار جس نے ایک شخص سے شادی کی ہے اور جس کی دونوں بیویاں بقید حیات ہوں وہ بھی نااہل قرار دیئے جائیں گے۔ اس خصوص میں اتر پردیش کے وزیر تحتانوی تعلیم احمد حسن سے ربط قائم کرنے پر بتایا کہ یہ شرط مستقبل میں اس الجھن کو ٹالنے کیلئے عائد کی گئی ہے کہ ٹیچر کے انتقال کے بعد وظیفہ کون حاصل کرے گا۔

تاہم مسلم پرسنل لا بورڈ نے کہا کہ اس طرح کی تحدیدات مسلم حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے متراف ہے اور حکومت اپنے اسٹاف کے تقررات کے وقت اس طرح کی شرائط عائد نہیں کرسکتی۔ جبکہ اسلام میں 4شادیوں کی گنجائش ہے تاہم دو بیویاں رکھنے والے مسلمان صرف ایک فیصد ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ ان شرائط کو درخواستگذاروں کا حصہ نہ بنائے۔ عید گاہ لکھنؤ کے امام اور مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن مولانا خالد رشید فرنگی نے بتایا کہ اگر کوئی شخص دو بیواؤں کو چھوڑ جاتا ہے تو حکومت اس کا وظیفہ مساویانہ تقسیم کرسکتی ہے۔اگر حکومت کو دوسرے مسائل درپیش ہیں تو ہم اس کا حل تلاش کرسکتے ہیں۔ محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ایک سے زائد شادیوں پر تحدیدات کی شرط صرف اردو اساتذہ کیلئے نہیں ہے بلکہ سرکاری اسکولوں میں تمام ٹیچروں کیلئے ہے۔ حکومت نے 8جنوری کو مجریہ احکامات میں کہا کہ اردو اساتذہ کے تقررات کیلئے 19جنوری سے درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ شرائط تمام ملازمین پر نافذ ہوں گی چاہے ان کا تعلق اردو سے ہو یا دیگر مضامین سے ہو تاکہ مستقبل میں وظیفہ کی تقسیم پر الجھن اور پیچیدگیوں کو ٹالا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT