Saturday , July 21 2018
Home / شہر کی خبریں / حکومت تعلیم کو تجارت میں تبدیل کرنے کوشاں

حکومت تعلیم کو تجارت میں تبدیل کرنے کوشاں

خانگی یونیورسٹیز بل پر طلبہ کی ناراضگی ، وی ہنمنت راؤ کا دورہ عثمانیہ یونیورسٹی
حیدرآباد ۔ /4 اپریل (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج عثمانیہ یونیورسٹی پہونچ کر حال ہی میں اسمبلی میں منظور خانگی یونیورسٹیز بل پر طلبہ سے ملاقات کی حکومت کے فیصلے کے خلاف طلبہ میں پائی جانے والی ناراضگی کو صدر کانگریس راہول گاندھی تک پہونچانے کا طلبہ کو تیقن دیا ۔ طلبہ سے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کرنے کے بعد وی ہنمنت راؤ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم کو تجارت میں تبدیل کرنے کیلئے خانگی یونیورسٹیز بل منظور کرایا ہے ۔ جبکہ ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں ایل کے جی تا پی جی تک مفت تعلیم فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والے کے سی آر وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے کارپوریٹ اداروں کا کھلونا بن چکے ہیں ۔ تحفظات میں توسیع کے اختیارات ریاستوں کو سونپنے کا مطالبہ کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں احتجاج کرنے والی ٹی آر ایس خانگی یونیورسٹیز میں تحفظات فراہم کرنے کے خلاف ہے ۔ اسمبلی میں بل کی منظوری سے ٹی آر ایس کا دوہرا رول منظر عام پر آچکا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ میں 90 فیصد پسماندہ طبقات ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں مگر خانگی یونیورسٹیز میں پسماندہ طبقات کو تحفظات فراہم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے ۔ جبکہ پہلے سے ریاست میں پسماندہ طبقات کو 50 فیصد تحفظات موجود ہے ۔ اس پر بھی عمل کیلئے ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ نہیں ہے ۔ طلبہ نے ہنمنت راؤ سے خواہش کی کہ وہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو عثمانیہ یونیورسٹی کا دورہ کرائے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ دہلی پہونچ کر راہول گاندھی سے ملاقات کریں گے جب بھی انکا دورہ تلنگانہ ہوگا اس میں عثمانیہ یونیورسٹی کے دورے کو شامل رکھنے کی نمائندگی کریں گے ۔

TOPPOPULARRECENT