Sunday , November 19 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت تلنگانہ اردو زبان کو مستحقہ مقام فراہم کرنے سنجیدہ

حکومت تلنگانہ اردو زبان کو مستحقہ مقام فراہم کرنے سنجیدہ

اردو اخبارات کے ساتھ انصاف رسانی کا تیقن ، کونسل ارکان کے سوالات پر محمد محمود علی کے جوابات
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت اردو اخبارات و رسائل اور اردو زبان کی ترقی و ترویج کے متعلق سنجیدہ ہے ۔ جناب محمد محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اخبارات و رسائل کو اشتہارات کے معاملہ میں قوانین کے مطابق کام کررہی ہے ۔ جناب محمد فاروق حسین کی جانب سے اردو اخبارات کو سرکاری اشتہارات کے متعلق کئے گئے سوال پر جناب محمد محمود علی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ بات بتائی اور کہا کہ وہ ضرور اس سلسلہ میں اقدامات کریں گے ۔ جناب محمد علی شبیر قائد اپوزیشن کونسل نے وقفہ سوالات کے دوران مباحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اردو کو سرکاری زبان قرار دئیے جانے کے اعلان پر عملی اقدامات کرے ۔ انہوں نے تلگو و انگریزی اخبارات کے مساوی اردو اخبارات میں اشتہارات جاری کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اس اقدام سے اردو زبان کی ترقی ہونے کے امکانات پیدا ہوں گے ۔ قائد اپوزیشن نے اردو اخبارات کو نظر انداز نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ پہلی سرکاری زبان کی طرح دوسری سرکاری زبان کو بھی مساوی اختیارات و حقوق کے فراہم کئے جائیں تاکہ اردو داں طبقہ کے مسائل حل ہوسکیں ۔ جناب محمد فاروق حسین نے کہا کہ ریاست میں اخبارات بالخصوص اردو اخبارات کے ساتھ لسانی امتیاز کی شکایات موصول ہورہی ہیں ۔ انہوں نے بھی مطالبہ کیا کہ تمام زبانوں کے اخبارات کو مساوی و مماثل اشتہارات کی اجرائی بذریعہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے ذریعہ یقینی بنائی جائے ۔ جناب محمد محمود علی نے اس سوال پر مباحث کے دوران جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت اردو زبان کو مستحقہ مقام فراہم کرنے کے معاملہ میں سنجیدہ اقدامات کررہی ہے اور مستقبل میں بھی ہر اعتبار سے اردو زبان کی ترقی و ترویج پر خصوصی دلچسپی لی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر قیادت تلنگانہ راشٹرا سمیتی حکومت اردو کی ترقی کے عہد کی پابند ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT