Friday , August 17 2018
Home / شہر کی خبریں / حکومت تلنگانہ سے نوجوانوں کو روزگار فراہمی کے اقدامات

حکومت تلنگانہ سے نوجوانوں کو روزگار فراہمی کے اقدامات

مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات ، ٹی آر ایس ایم پی کے کویتا کا کھمم میں خطاب
حیدرآباد ۔18۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ کویتا نے کہا کہ حکومت بیروزگار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں روزگار فراہم کرنے اقدامات کر رہی ہے ۔ سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے علاوہ خانگی شعبہ میں روزگار کے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ انفارمیشن ٹکنالوجی اور دیگر شعبہ جات میں تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے رجحان کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ خانگی شعبہ میں تلنگانہ کے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہتر مواقع موجود ہیں۔ کویتا نے آج کھمم ضلع کا دورہ کرتے ہوئے مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ انہوں نے انفارمیشن ٹکنالوجی ہب کا دورہ کیا اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے سلسلہ میں معلومات حاصل کی ۔ کویتا نے کھمم کے رکن پارلیمنٹ پی سرینواس ریڈی اور ان کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا۔ سرینواس ریڈی کے والد راگھو ریڈی کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ کویتا نے کھمم میں ٹی آر ایس کے نئے پارٹی دفتر کا بھی معائنہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ کی قیامگاہ پہنچ کر کویتا نے سرینواس ریڈی کے والد کی تصویر پر پھول چڑھائے اور ارکان خاندان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی پی وینکٹیشورلو اور ٹی وینکٹیشورلو اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ کویتا نے کھمم میں وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ کی قیامگاہ پر پارٹی کے عوامی نمائندوں اور قائدین سے ملاقات کی ۔ رکن اسمبلی پی اجئے کمار ،آئی ڈی سی کے صدرنشین ایس بی بیگ، ضلع پریشد صدرنشین جی کویتا نے ان کا استقبال کیا۔ کھمم کے میئر پاپا لال اور پارٹی کے سٹی صدر کے مرلی نے ملاقات کرتے ہوئے کھمم میں پارٹی کی سرگرمیوں اور ترقیاتی کاموں سے واقف کرایا۔ کویتا نے رکن اسمبلی اجئے کمار کے ہمراہ نئے قائم کردہ آئی ٹی ہب کا معائنہ کیا ۔ انہوں نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف کمپنیوں کی آمد اور روزگار کے مواقع کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کھمم ضلع میں آئی ٹی ہب کے قیام سے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں مقامی طور پر ترقی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر کے ٹی راما راؤ کی قیادت میں ضلع میں آئی ٹی شعبہ کو وسعت دی جارہی ہے۔ کویتا نے کہا کہ مقامی سطح پر فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی صورت میں طلبہ کو حیدرآباد جا نے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کئی آئی ٹی کمپنیاں اپنے مراکز قائم کرنے کیلئے آگے آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کے ٹی آر آئی ٹی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے علاوہ دیگر شعبہ جات کی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔ حکومت نے پہلا آئی ٹی ہب کھمم کیلئے منظور کیا ہے۔ آئی ٹی ہب کے قیام کے سلسلہ میں انہوں نے رکن اسمبلی اجئے کمار کو مبارکباد پیش کی ۔ کویتا کے پارٹی کے نئے دفتر پہنچنے پر عوامی نمائندوں اور قائدین نے استقبال کیا ۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ پارٹی پروگراموں کے انعقاد کی سہولتوں کیلئے نیا دفتر قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں کے سی آر تنہا آگے بڑھے لیکن آج ٹی آر ایس خاندان کافی وسعت اختیار کرچکا ہے ۔ انہوں نے پارٹی دفتر کو کارپوریٹ طرز پر تعمیر کرنے کی ستائش کی۔ رکن اسمبلی بی مدن لال نے کویتا کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں اور خاص طور پر کھمم ضلع کے لئے کویتا نے خصوصی دلچسپی لی ہے۔ حکومت کی جانب سے تعمیر کئے جارہے آبپاشی پراجکٹس اور مسلمانوں اور پسماندہ طبقات کیلئے شروع کی گئی شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیم کا تذکرہ کیا ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ حکومت مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو پینے کے پانی کی فراہمی کا منصوبہ رکھتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT