Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت تلنگانہ فلم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے 100 ایکڑ اراضی حاصل کرے گی

حکومت تلنگانہ فلم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے 100 ایکڑ اراضی حاصل کرے گی

کم بجٹ کی فلموں کی حوصلہ افزائی کے اقدامات ، سنیما ہالس میں پانچ شو کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ ۔ ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد ۔ 9 ۔ اگست : ( آئی این این ) : وزیر سنیما ٹو گرافی ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ایک فلم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لیے تقریبا 50 تا 100 ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی ۔ وزیر موصوف نے آج سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما ، تلنگانہ اسٹیٹ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر نوین متل ، رنگاریڈی ڈسٹرکٹ جوائنٹ کلکٹر رجت کمار اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے سرینواس یادو نے کہا کہ فلم انسٹی ٹیوٹ اور کنونشن سنٹر کو بی او ٹی ( بلٹ آپریٹ ٹرانسفر ) کی اساس پر قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ فلم انسٹی ٹیوٹ کے لیے حصول اراضی کا کام جلد ہی شروع ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اس انسٹی ٹیوٹ میں ملک اور بیرون ملک کے آرٹسٹس کو ٹریننگ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست میں فلم انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے بہت سنجیدہ ہیں ۔ وزیر سنیما ٹو گرافی نے کہا کہ حکومت کم بجٹ کی فلموں کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات کررہی ہے ۔ حکومت نے سنیما ہالس میں پانچ شو کی اجازت دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں شو سے متعلق رہنمایانہ خطوط اس ماہ کے ختم تک جاری کیے جائیں گے ۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کمرشیل اور زیادہ آبادی والے علاقوں میں 200 سیٹ کپاسٹی کے ساتھ منی تھیٹرس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شوٹنگ کی اجازت حاصل کرنے کے طریقہ کار کو سنگل ونڈو سسٹم کے تحت سہل بنایا جارہا ہے ۔ جس سے پروڈیوسرس سات دن کے اندر اجازت حاصل کرپائیں گے ۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ فلم انڈسٹری سے وابستہ 4300 لوگوں کے لیے مزید دس ایکڑ اراضی حاصل کرتے ہوئے مکانات تعمیر کئے جائیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT