Monday , November 20 2017
Home / اضلاع کی خبریں / حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا

خشک سالی سے کسان بے حد پریشان ، بیرکور منڈل میں کانگریس کے اجلا س سے آکولہ للیتا کا خطاب
نظام آباد :27؍ اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ریاست میں موجودہ خشک سالی اور فصلوں کے نقصان خشک سالی سے متاثرہ علاقہ کو قرار دینے میں ہورہی تاخیر، قرضوں کی عدم معافی کے باعث ریاست میں کسانوں کی خودکشی کی امواتیںہورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قانون ساز کونسل کے رکن و کل ہند مہیلا کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری آکولہ للیتا نے بیر کور منڈل میں منعقدہ کانگریس پارٹی کے اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے کیااور کہا کہ ریاست میں ناکافی بارش اور فصلوں کے خشک ہوجانے سے کسان بے حد پریشاں ہورہے ہیں۔ کسانوں کی باز آبادکاری کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے ابھی تک کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ قرضہ جات کی عدم معافی اور خشک سالی سے متاثرہ علاقہ کو قرار دینے میں تاخیر کی وجہ سے کسانوں میں دن بہ دن خوف کا ماحول پیدا ہورہا ہے۔ کئی سالوں کے جدوجہد کے بعد تلنگانہ کا قیام عمل میں آیا تھا اور تلنگانہ میں ہر شخص کو راحت حاصل ہونے کی حکومت سے امیدیں وابستہ تھی لیکن حکومت نے عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ ٹی آرایس حکومت کے قیام کے 15ماہ کے بعد  1500 سے زائد کسانوں کی خودکشی کی امواتیں واقع ہوئی ہے۔ کسانوں کے مسائل پر اسمبلی اور کونسل میں بحث کرنے کی کوشش کی گئی تو اراکین کو اجلاس سے باہر کردیا گیا ۔ شریمتی آکولہ للیتا نے کہا کہ کسانوں میں موجودہ مایوسی کو دور کرنے اور ان میں اعتماد کی بحالی کیلئے کانگریس کی جانب سے بس یاترا کی جارہی ہے۔حکومت کی جانب سے شروع کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہر حلقہ میں 400 مکانات کی تعمیر سے کوئی مسئلہ حل ہونے والا نہیں ہے۔ بیڑی مزدوروں کو وظائف کی فراہمی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم سے ان کے خاندانوں میں اختلافات پیدا ہورہے ہیں۔ آشاورکرس گذشتہ50دنوں سے احتجاج کے باوجود بھی ان کے مسئلہ کے حل کیلئے ابھی تک کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے۔ بتکما کے نام پر کروڑوں روپئے کے خرچ پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بتکما تہوار کئی زمانے سے منعقد کی جارہی ہے۔ لیکن حکومت کی جانب سے کروڑوں روپئے بتکماں کے نام پر خرچ کرنا خواتین کے ساتھ مردوں کی شرکت پربھی اعتراض کرتے ہوئے خواتین کے کام خواتین ہی کریں تو بہتر ہوگا۔ خواتین کے ووٹ سے اقتدار حاصل کرتے ہوئے انہیں نظر انداز کرنا سراسر غلط ہے۔ صدر ضلع کانگریس طاہر بن حمدان نے کہا کہ ریاست میں ہورہی خودکشی کی امواتوں کی ذمہ دارریاستی حکومت ہے۔ چیف منسٹر اور وزیر زراعت پر مقدمہ درج کرنے کا بھی مطالبہ کیااور قرضہ جات کی معافی کے نام پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ حکومت سے عوام کی کئی امیدیں وابستہ تھی۔ حکومت کی غلط پالیسی کی وجہ سے کسانوں کو خودکشی کی طرف  مائل ہونا پڑرہا ہے۔ کانگریس کے دور میں کئی پراجیکٹوں کی تعمیر عمل میں لاتے ہوئے فصلوں کو پانی سیراب کیا گیا تھالیکن آج کسانوں کو آبی سہولتیں دستیاب نہیں ہے۔ کسانوں کے مسائل کے حل تک جدوجہد کو جاری رکھنے کا ارادہ ظاہر کیا ۔

TOPPOPULARRECENT