Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت پر کروڑہا روپئے خرچ کر کے ناقص ساڑیاں تقسیم کرنے کا الزام

حکومت پر کروڑہا روپئے خرچ کر کے ناقص ساڑیاں تقسیم کرنے کا الزام

ریاست کی خواتین سے معذرت خواہی کرنے ڈی کے ارونا کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کی رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ڈی کے ارونا نے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے غیر معیاری ناقص ساڑیاں تقسیم کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کو ریاست کی خواتین سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ چیف منسٹر کی دختر کویتا کو یہی ساڑیاں پہن کر ملک و بیرونی ممالک میں بتکماں کھیلنے کا چیلنج کیا ۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی کے ارونا نے کہا کہ ساڑیاں نذر آتش کرنے کی نوبت کیوں آئی ۔ حکومت اس پر غور کریں جذبات کو ٹھیس پہونچنے کے بعد ہی خواتین نے ساڑیاں نذر آتش کرتے ہوئے حکومت سے اپنے غم و غصے کا اظہار کیا ہے ۔ تقسیم سے قبل حکومت نے ساڑیوں کے معیار کا کیوں جائزہ نہیں لیا ۔ دسہرے سے قبل اس کی تشہیر پر کروڑہا روپئے خرچ کردیا گیا ۔ اس کے برعکس ناقص غیر معیاری ساڑیاں تقسیم کی گئی ۔ جس پر ریاست کے مختلف مقامات پر خواتین نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا ۔ کانگریس پارٹی نے ساڑیاں تقسیم کرنے کی کبھی مخالفت نہیں کی ۔ ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی آر غیر ضروری کانگریس پر جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے خواتین کی حکومت کے خلاف پائی جانے والی ناراضگی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ ساڑیوں کا معیار کیا ہوتا ہے ۔ خواتین کو اس کا اندازہ ہوتا ہے ۔ کے ٹی آر کو اس کے بارے میں کیا معلوم ہے ؟ کانگریس کی رکن اسمبلی ڈی کے ارونا نے چیف منسٹر کے سی آر پر زور دیا کہ جو ساڑیاں غریب خواتین میں تقسیم کی جارہی ہیں ۔ کیا وہی ساڑیاں اپنی دختر اور بہو کو پہناکر دیکھائے ۔ انہوں نے کہا کہ ساڑیوں کی تقسیم میں بڑے پیمانے کی بدعنوانیاں ہوئی ہیں ۔ 222 کروڑ روپئے کی ساڑیاں خریدنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ جب کہ حقیقت میں 70 کروڑ روپئے بھی خرچ نہیں ہوئے ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی رکن پارلیمنٹ کویتا کو یہ ساڑیاں پہن کر دیکھانے کا چیلنج کیا ۔ گھروں میں کام کرنے والی خواتین کو بھی اتنی غیر معیاری ساڑیاں نہ پہنانے کا دعویٰ کیا ۔ عوامی فنڈز کا بیجا استعمال کرنے کا چیف منسٹر پر الزام عائد کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر اقتدار کے نشے میں کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ انہوں نے ساڑیاں نذر آتش کرنے والی خواتین پر عائد کردہ مقدمات سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ ڈی کے ارونا نے کہا کہ نیرلہ میں دلتوں پر اور بھوپال پلی میں قبائلوں پر حملے کرنے والوں کے خلاف کوئی مقدمات درج نہیں کئے گئے تاہم ساڑیاں نذر آتش کرنے والی خواتین کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT