Sunday , February 25 2018
Home / سیاسیات / حکومت چین سے ملحق سرحد کی اصل صورتحال بتائے :کانگریس

حکومت چین سے ملحق سرحد کی اصل صورتحال بتائے :کانگریس

نئی دہلی،5فروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے ڈوکلام تنازعہ کے بعد سرحد پر چینی فوج کی مسلسل بڑھ رہی سرگرمیوں کا حوالہ دیتے ہوئے ملک کی سلامتی پر آج تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کو و ہاں کی حقیقی صورتحال سے ملک کو واقف کرانا چاہئے ۔کانگریس نے اپنے ٹوئٹر پیج پر حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہاکہ ڈوکلام کے بعد چین کی اشتعال انگیز سرگرمیاں بند نہیں ہوئی ہیں۔ تبت علاقہ میں اس کی فوجی سرگرمیاں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔ حکومت اس معاملے میں انکار کیوں کررہی ہے ۔ مودی حکومت اصل تصویر ملک کے سامنے کیوں نہیں رکھ رہی۔ کیا ہمارا ملک محفوظ ہے ۔پارٹی نے چینی فوج کی سرگرمیوں پر رنگین الفاظ میں خاص طورپر روشنی ڈالتے ہوئے ذکر کیا چینی فوج کی تربیت اور ایئرڈیفنس ہائی الرٹ پر ہے ۔ چینی فضائی افواج کی تعیناتی سکم علاقہ تک پہنچ گئی ہے ۔ زمین سے فضاء میں مار کرنے والی میزائلیں اور ڈرون بھی تیار کئے گئے ہیں۔تبت میں بڑے پیمانہ پر چینی فوج کی سرگرمیوں کے پیش نظر ملک کی سلامتی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پارٹی نے کہاکہ تبت میں چینی فوج بڑے پیمانہ پر اپنی سرگرمیاں چلا رہی ہے ۔ گزشتہ تین ہفتے کے دوران ہندوستانی سرحد کے نزدیک 51جنگی جیٹ طیارے تعینات کئے گئے ہیں۔ ایک برس کے دوران وہاں چینی فوج کے جنگی سازو سامان کی تعیناتی میں 20فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT