Thursday , December 13 2018

حکومت کو عوام کا بھرپور اعتماد حاصل

حیدرآباد۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ شہری علاقوں میں حکومت کو عوام کی مکمل تائید حاصل ہے اور سکندرآباد کنٹونمنٹ کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی اس کا واضح ثبوت ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے نتائج کی بنیاد پر جی ایچ ایم سی کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کن

حیدرآباد۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ شہری علاقوں میں حکومت کو عوام کی مکمل تائید حاصل ہے اور سکندرآباد کنٹونمنٹ کے انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی اس کا واضح ثبوت ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے نتائج کی بنیاد پر جی ایچ ایم سی کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے عوام نے حکومت کی کارکردگی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو منہ توڑ جواب دیا ہے جو وقتاً فوقتاً حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت کی تشکیل کے بعد کنٹونمنٹ کے انتخابات اہمیت کے حامل تھے اور وہاں 8 کے منجملہ 6 نشستوں پر ٹی آر ایس کا قبضہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام حکومت کی کارکردگی اور شروع کردہ فلاحی اسکیمات سے مطمئن ہیں۔ پارٹی کے نو منتخب وارڈ ممبرس نے ہریش راؤ سے ملاقات کی اور پارٹی ٹکٹ دیئے جانے پر اظہار تشکر کیا ۔ اس موقع پر پارٹی ارکان اسمبلی سدرشن ریڈی ، گنیش گپتا ، سنجیو راؤ ، یادیا اور ایم ایل سی یادو ریڈی کے علاوہ ٹی آر ایس پولیٹ بیورو رکن سرینواس اور دوسرے موجود تھے۔ ہریش راؤ نے نو منتخب وارڈ ممبرس کو ہدایت دی کہ وہ کنٹونمنٹ میں عوامی مسائل کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کریں۔ عوام نے ان سے جو توقعات وابستہ کی ہیں ،

انہیں پورا کرنے کی مساعی کریں۔ ہریش راؤ نے کنٹونمنٹ کے رائے دہندوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے تلگو دیشم ، بی جے پی اور کانگریس کو مسترد کردیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلگو دیشم اور کانگریس نے درپردہ مفاہمت کے ذریعہ ٹی آر ایس کو ناکام کرنے کیلئے بڑے پیمانہ پر رقم اور شراب کا استعمال کیا لیکن عوام نے ان جماعتوں کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ کا علاقہ تلگو دیشم کے پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور رکن اسمبلی کے تحت آتا ہے، اس کے باوجود ٹی آر ایس کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام تلگو دیشم سے مطمئن نہیں اور وہ ٹی آر ایس حکومت کے ذریعہ علاقہ کی ترقی چاہتے ہیں۔ ہریش راؤ نے دعویٰ کیا کہ جی ایچ ایم سی کے مجوزہ انتخابات میں ٹی آر ایس شاندار کامیابی حاصل کرے گی اور کارپوریشن پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوگا۔
انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ کم از کم اس کامیابی کے بعد حکومت پر تنقیدوں کا سلسلہ بند کردیں۔

TOPPOPULARRECENT