Monday , November 20 2017
Home / شہر کی خبریں / حکومت کی صنعتی پالیسی سے تلنگانہ میں کئی کمپنیاں

حکومت کی صنعتی پالیسی سے تلنگانہ میں کئی کمپنیاں

وزیر آئی ٹی کے ٹی آر کی تعریف، وزیرآبپاشی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/17جون، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے آج وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کی زبردست تعریف و توصیف کرتے ہوئے ان اطلاعات کو غلط ثابت کردیا کہ دونوں کے درمیان اختلافات ہیں۔ حیدرآباد میں طبی آلات سے متعلق پارک کے قیام کی تقریب سنگ بنیاد میں دونوں وزراء ایک ساتھ شریک تھے۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کے ٹی آر کی زبردست ستائش کی اور کہا کہ کے ٹی راما راؤ کا تلنگانہ کے انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر کی حیثیت سے ہونا تلنگانہ عوام کیلئے خوش بختی ہے۔ کے ٹی آر ریاست کو انڈسٹریل ھب میں تبدیل کرنے کے اقدامات کررہے ہیں اور انہیں اس سلسلہ میں ضرور کامیابی ہوگی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور وزیر صنعت کے ٹی راماراؤ کی مساعی کے سبب تلنگانہ میں کئی بڑے صنعتی ادارے سرمایہ کاری کیلئے راغب ہورہے ہیں۔ انہوں نے طبی آلات سے متعلق پارک کے قیام کے سلسلہ میں کے ٹی آر کی مساعی کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی صنعتی پالیسی کے نتیجہ میں کئی بڑی صنعتیں تلنگانہ کا رُخ کررہی ہیں۔ صنعتوں کے قیام سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہورہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر اور وزیر صنعت کے ٹی آر کی مساعی کے سبب کئی نئی صنعتیں تلنگانہ میں قائم ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ڈیواسیس پارک کے قیام سے سینکڑوں افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ اتنا ہی نہیں تلنگانہ میں طبی خدمات کم اور رعایتی شرح پر دستیاب رہیں گی۔ ہریش راؤ نے صنعت کاروں کو مشورہ دیا کہ وہ مقامی افراد کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں برقی بحران کے سبب کئی صنعتیں بند ہوچکی تھیں لیکن آج برقی کا مسئلہ حل ہوچکا ہے۔ صنعتی شعبہ کو معیاری اور موثر سربراہی عمل میں آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ریاست کی ترقی کیلئے جس جذبہ کا اظہار کیا گیا تھا وہی جذبہ ریاست کی ترقی کیلئے بھرپور انداز میں برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی کے سلطان پور علاقہ میں میڈیکل ڈیواسیس پارک کے قیام سے علاقہ کی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT